25 مئی 2016
وقت اشاعت: 16:51
جاپان :امریکی فوجیوںکے غیر اخلاقی رویوں کے خلاف مظاہرہ
جیو نیوز - ٹوکیو ...........جاپان کے شہر اوکیناوا کے ہزاروں افراد نے ملک میں امریکی فوجیوں کی موجودگی اور ان کے غیر اخلاقی رویوں کے خلاف مظاہرہ کیا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ ایک خاتون جاپانی سیاح کے ساتھ ایک امریکی میرین کور کے ایک فوجی کی جانب سے مبینہ زیادتی کی کوشش پراسے حراست میں لے لیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ مہینوں کے دوران جاپانی عوام نے متعدد بار سڑکوں پر نکل کر واشنگٹن کی توسیع پسندانہ پالیسیوں کے خلاف مظاہرہ کیا ہے۔ مظاہرین نے گزشتہ روز اوکیناوا میں امریکہ کی نئی فوجی عمارت کے سامنے جمع ہوکر امریکی فوجیوں کے غیر اخلاقی رویوں کی بناء پر ان پر مقدمہ چلائے جانے کا مطالبہ کیا ۔
تازہ ترین رپورٹ کے مطابق ایک بار پھر ایک امریکی فوجی، گزشتہ ہفتے اوکیناوا میں غیر اخلاقی رویے کا مرتکب ہوا ہے جس کے سبب جاپانی عوام میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
مشتعل مظاہرین نے جاپان میں امریکی فوجیوں کی موجودگی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جب تک امریکہ کے فوجی اڈے موجود رہیں گے اور امریکی فوجی جاپان میں رہیں گے اس طرح کے واقعات رونما ہوتے رہیں گے۔
مظاہرین نے امریکی فوجی اڈے ختم کرنے اور تمام فوجیوں کو اپنے ملک سے نکالے جانے کا مطالبہ کیا ۔ واضح رہے کہ جاپان میں امریکہ کے 124 فوجی اڈے قائم ہیں اور 50 ہزار امریکی فوجی وہاں موجود ہیں جن میں سے نصف سے زائد اوکیناوا میں تعینات ہیں۔