27 مئی 2016
وقت اشاعت: 0:17
حماس نے قومی خزانے میں ایک ارب ڈالر جمع کرائے، رکن پارلیمنٹ
جیو نیوز - غزہ..........فلسطینی مجلس قانون ساز نے تسلیم کیا ہے کہ 2006 ء میں پارلیمانی انتخابات کے بعد غزہ کی پٹی میں حکومت بنانیوالی فلسطینی تنظیم حماس نے گزشتہ دس سال میں ایک ارب ڈالر کی رقم قومی خزانے میں جمع کرائی ہے۔
اس بات کا انکشاف فلسطینی قانون ساز کونسل کی بجٹ کمیٹی کے چیئرمین اور رکن پارلیمنٹ جمال نصار نے غزہ میں میڈیا سے بات چیت میں کیا۔ قبل ازیں حماس کے پارلیمانی بلاک ’اصلاح وتبدیلی‘ کی جانب سے جاری بیان میں بھی کہا گیا تھا کہ حماس نے 2008 ء سے 2014 ء کے آخرمیں قومی حکومت کی تشکیل تک950 ملین ڈالر کی رقم قومی خزانے میں جمع کرائی تھی جبکہ 2006ء میں بھی 50 ملین ڈالر کی رقم جمع کراچکی ہے۔
فلسطینی پارلیمنٹ کی بجٹ کمیٹی کے چیئرمین نے کہا ہے کہ ایک ارب ڈالر کی رقم قومی خزانے میں جمع کرنے کے اعدادو شمار حقیقی ہیں، فلسطین کی موجودہ حکومت کو اندرونی سطح پر کسی قسم کی مدد نہیں مل رہی ہے۔ قومی پیداوار نہ ہونے کے باعث حکومت کو فنڈز کی کمی رہتی ہے اور حکومت باہر سے ملنے والی امداد پر انحصار کرتی ہے۔
رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ حماس جلد ہی 2015 ء میں غزہ میں جمع کردہ ٹیکسوں کی تفصیلات بھی قوم کے سامنے پیش کریگی۔ غزہ کی پٹی میں حماس کے دور حکومت کے دور میں بھرتی ہونیوالے 42 ہزار ملازمین کے مستقبل کو داؤ پرنہیں لگایا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ غزہ میں غریب گھرانوں کو دی جانیوالی امداد کو روکنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔