تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
4 جون 2012
وقت اشاعت: 21:8

سعید وارثی کیخلاف پارلیمانی اخراجات کے غلط استعمال پر تحقیقات کا مطالبہ

جیو نیوز - لندن … برطانیہ کی لبرل پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ رکن پارلیمنٹ اور کنزرویٹو پارٹی کی کو چیئرمین سعیدہ وارثی کیخلاف پارلیمانی اخراجات کے غلط استعمال پر پولیس سے تحقیقات کرائی جائے۔ برطانوی رکن پارلیمنٹ اور کنزرویٹو پارٹی کی کو چیئر مین سعیدہ وارثی پر الزام ہے کہ انہوں نے ٹوری پارٹی کے ڈونر کے مکان پر مفت قیام کیا مگر حکومت سے کرایہ کی مد میں 2 ہزار پاوٴنڈ کی رقم وصول کی جو کہ پارلیمانی اخراجات کا ناجائز استعمال ہے۔ یاد رہے کہ سعیدہ وارثی کیخلاف ہاوٴس آف لارڈز کی تحقیقات بھی جاری ہیں تاہم لبرل پارٹی ان پر دباوٴ بڑھانے کیلئے پولیس تحقیقات کا مطالبہ کررہی ہے۔ لبرل پارٹی نے لیڈی وارثی کے کاروباری معاملات پر بھی کئی سوالات اٹھائے ہیں تاہم سعیدہ وارثی نے اپنے خلاف لگائے گئے ان الزامات کو غلط قرار دیا ہے۔ وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے سعیدہ وارثی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کی حمایت کا اعلان کیا ہے تاہم ٹوری پارٹی کے کچھ اراکین نے سعیدہ وارثی سے کی جانے والی تحقیقات کے حوالے سے فکرمندی کا اظہار کیا ہے۔ برطانیہ میں اپوزیشن کا کردار ادا کرنے والی لبرل پارٹی نے سرکاری دورے پر سعیدہ وارثی کے کاروباری ساتھی عابد حسین کے ساتھ جانے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.