6 جون 2012
وقت اشاعت: 18:42
ڈرون حملے جاری رہیں گے، 9/11 کے منصوبہ ساز پاکستان میں ہیں، پینیٹا
جیو نیوز - ممبئی … امریکی وزیر دفاع لیون پینیٹا نے کہا ہے کہ امریکی دفاع کیلئے پاکستان میں جاسوس طیاروں کے حملے جاری رہیں گے، نائن الیون حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والے پاکستان میں موجود ہیں، پینیٹا نے ابو یحییٰ اللبی کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔ نئی دلی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موجود القاعدہ کے ٹھکانوں پر امریکی حملے جاری رہیں گے، جن لوگوں نے نائن الیون کی منصوبہ بندی کی وہ پاکستان میں موجود ہیں اور ان سے امریکی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں۔ امریکی وزیر دفاع نے ڈرون حملے میں القاعدہ کے نائب ابو یحییٰ اللبی کی ہلاکت کی تصدیق بھی کردی۔ پینیٹا کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات میں بہتری سے پاکستان کو دہشت گردی سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج دنیا کی بہترین افواج میں سے ایک ہے اور بھارت امریکا کا اہم اتحادی ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ پاکستان کے ساتھ مشکل تعلقات ہیں جن کو بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیاء میں امن کیلئے بھارت پاکستان کے ساتھ مذاکرات کرے اور امریکا و بھارت جنوبی ایشیا میں امن وسلامتی کیلئے پاکستان سے اختلافات دور کرنے پر کام کریں۔ لیون پینیٹا نے پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارتی تعلقات معمول پر لانے کو خوش آئندقراردیا۔