اسرائیلی شدت پسند مذہبی تعلیمات پر عمل پیرا تنظیم ''لاھافا'' نے سماجی رابطے کی معروف ویب سائٹ ''فیس بک''کے شریک بانی زوکر برگ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی ایشیائی غیر یہودی بیوی کو فوری طور پر طلاق دیں کیونکہ انہوں نے ایک غیر یہودی لڑکی سے شادی کرکے سنگین جرم کا ارتکاب کیا ہے۔ خیال رہے کہ زوکر برگ چند دن پہلے ہی اپنی ایشیائی نژاد ایک غیر یہودی گرل فرینڈ ریزیلا چین کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔ جبکہ ''لاھافا'' نامی گروپ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں آباد اور دیگر دنیا بھر کے یہودیوں کے لیے ان کی شادیاں غیر یہودی عورتوں سے کرانے کا سخت مخالف ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق حال ہی میں انتہا پسند یہودی تنظیم کے دسیوں اراکین نے فیس بک کے صفحات پر نو بیاہتا جوڑے کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے زوکر برگ سے کہا ہے کہ وہ نئی نویلی دلہن کو فوری طلاق دیں۔ شادی کی مخالفت کرنے والوں میں انتہا پسند گروپ کے سربراہ ''بیننزی جووچابن'' سر فہرست ہیں۔ انہوں نے اپنے بلاگ میں لکھا ہے کہ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران کم سے کم ڈیڑھ ملین افراد نے زوکر برگ کی غیر یہودی لڑکی چین کے ساتھ شادی پر تعجب کا اظہار کیا ہے۔ ''لاھافا'' کے سربراہ نے زوکر برگ کے نام ایک طویل مراسلہ لکھا ہے جس میں اسے اس کے اصل نام کے بجائے''مراد خائی گالے کے نام سے موسوم کیا ہے۔ اپنے اس طویل مراسلے میں وہ لکھتا ہے کہ'' مسٹر مارک گالے!میں آپ کو نہیں جانتا اور نہ ہی کبھی تمہیں قریب سے دیکھا ہے۔ ہم نے صرف آپ کی شادی کے دوران اپنی نئی غیر یہودی بیگم کے ساتھ لی گئی تصویر دیکھی ہے۔ میں آپ کو یہ بتا دینا چاہتا ہوں کہ اگر فیس بک لوگوں کے ذہن بدلنے اور رائے تبدیل کرنے میں کوئی کردار ادا کر سکتا ہے تو میں اسے مبالغہ آرائی کی حد تک استعمال کروں گا کیونکہ آپ کی ایک غیر یہودی لڑکی کے ساتھ شادی کو یہودی حلقوں کی جانب سے کسی اچھی نظر سے نہیں دیکھا جا رہا۔ ایسے میں تمہارے پاس ایک ہی راستہ ہے یا خود کو مشکلات اور خطرات میں ڈال دو یا اس لڑکی سے جان چھڑا لو''۔ شدت پسند یہودی گروپ کا سربراہ مزید لکھتا ہے کہ''میں اپنی ذات کا ترجمان نہیں بلکہ میں اس وقت پوری یہودی قوم کی ترجمانی کر رہا ہوں۔ اپنی قوم کی مختلف نسلوں اور زمانوں کی ترجمانی کر رہا ہوں۔ آپ کو یاد دلا رہاں کہ آپ بھی ایک یہودی گھرانے میں پیدا ہوئے اور خود بھی یہودی ہی ہیں۔ کیا آپ اس سے انکار کرتے ہیں؟ یہ درست ہے کہ آپ اسٹاک مارکیٹ میں بھی اچھے اور کامیاب بروکر ہیں۔ لیکن میں آپ کو یہ بھی بتا دوں کی زندگی میں دولت ہی سب کچھ نہیں ہوتی۔ ہم یہ پوچھ رہے ہیں کہ آپ نے ایک غیر یہودی لڑکی کے ساتھ شادی کیوں کی۔ ہماری اگلی بات وہ مطالبہ ہے جو ہم اس کے علاوہ بھی کر چکے ہیں کہ اس لڑکی سے الگ ہو جا۔ کیونکہ اس نے آپ کی نئی نسل کو یہودیت سے خارج کر دیا ہے۔ اس سے آپ کی جو بھی اولاد ہو گی وہ یہودی نہیں ہوگی چاہے ان کے خاندان کے سربراہ کا نام ''زوکر برگ ہی کیوں نہ ہو''۔ اپنے طویل مراسلے کے آخر میں جووفچابن ''نے اپنا مشورہ نما مطالبہ دہرایا ہے اور کہا ہے کہ یہودیوں کی اکثریت اس بات پر متفق ہے کہ زوکر کو اپنی غیر یہودی بیوی کو فوری طلاق دینی چاہیے۔ کیونکہ وہ ایک غیر یہودیہ کیساتھ شادی کرکے غلط راستے پر چل پڑے ہیں۔ اپنا قبلہ درست کرنے کے لیے انہیں اپنے مذہبی تعلیمات کی طرف پلٹنا پڑے گا جو ایک یہودی کو غیر یہودی لڑکی کے ساتھ شادی کی ہر گز اجازت نہیں دیتا۔
سماجی رابطہ