دنیا بھر میں تین ارب افراد کو انٹرنیٹ کی بہتر سہولت فراہم کرنے کے لیے او تھری بی سیٹلائٹ نیٹ ورک کے چار سیٹلائٹ کو خلا میں بھیجا جا رہا ہے۔
پیر کو او تھری بی نیٹ ورک کے ان مصنوعی سیاروں کو خلا میں بھیجا جائے گا اور ان کی زمین سے بلندی تقریباً آٹھ ہزار کلومیٹر ہو گی۔
او تھری بی کا مطلب ہے ’ادر تھری بلین‘ یعنی مزید تین ارب، اس کا مطلب یہ ہے کہ مزید تین ارب افراد جنہیں ایک بہتر اور تیز رفتار انٹرنیٹ میسر نہیں ہے لیکن اب آنے والی دہائی میں انہیں بھی انٹرنیٹ کی جدید سروس میسر ہو گی۔
خلا میں او تھری بی نیٹ ورک کی زمین سے بلندی تقریبا آٹھ ہزار کلو میٹر ہو گی۔ زمین سے نسبتاً قریب ہونے کی وجہ سے انٹرنیٹ کی سپیڈ زیادہ ہو گی۔
او تھری بی سیٹلائٹ نیٹ ورک کے تحت چار سیٹلائٹ کرویرو فرنچ گیانا سے خلا میں بھیجے جائیں گے۔
چاروں سیٹلائٹ سویوز راکٹ کے ذریعے مقامی وقت کے مطابق 3:53 یعنی 6:53 جی ایم ٹی پر خلا میں بھیجے جائیں گے۔
جس کے بعد انہیں خلا میں اپنی مطلوبہ بلندی پر پہنچنے میں دو گھنٹے کا وقت درکار ہو گا۔
اس نئے سٹیلائٹ نیٹ ورک سے اُمید کی جا رہی ہے کہ لاکھوں افراد کو براڈ بینڈ جیسا انٹرنیٹ استعمال کرنے کا موقع ملے گا۔
توقع ہے کہ نئے سیٹلائٹ نظام سے آواز اور ڈیٹا کی ترسیل میں تاخیر کو کم کیا جا سکے گا۔
او تھری بی کے چیف ایگزیکٹو افسر سٹیو کولر کا کہنا ہے کہ نئے نیٹ ورک کو اس طریقے سے بنایا گیا ہے کہ یہ سیٹلائٹ رابطے میں پیدا ہونے والی تاخیر کو کم کر سکے۔
انھوں نے کہا کہ ’ہم سب جب سیٹلائٹ کالز کرتے ہیں تو اس میں چھ سو ملی سیکنڈ کا ڈیلے یعنی تاخیر ہوتی ہے جو کہ بہت زیادہ نہیں ہے لیکن یہ کنکشن کو استعمال نہ کرنے کے حوالے سے بہت ہے۔ یہ مسئلہ ڈیٹا نیٹ روک کا ہے۔اگر آپ انٹرنیٹ پر ہیں اور کوئی سائٹ تلاش کر رہے ہیں اگر تلاش کا یہ عمل سست ہے تو یہ انٹرنیٹ کے استعمال کے رویوں پر اثرانداز ہوتا ہے اور آپ سروس کا استعمال ترک کر دیتے ہیں۔ ہم ان مسائل کو حل کرنا چاہتے ہیں اور اس کا ایک ہی حل ہے کہ سیٹلائٹ کو زمین کے قریب بھیجا جائے‘۔
او تھری بی کے مطابق آواز کی واپسی یا روانڈ ٹرپ ٹرانسمیشن کا دورانیہ 6 سو ملی سکینڈ سے کم ہو کر لگ بھگ سو ملی سیکنڈ ہو جائے گا۔
یہ سیٹلائٹ ہائی فریکونسی پر کام کرے گا۔
او تھری بی پراجیکٹ چھ سال میں مکمل ہوا ہے جیسے گوگل، ایس ای ایس سمیت سیٹلائٹ کا کاروبار کرنے والی بڑی کمپنیوں نے مالی تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔
انٹرنیٹ کے لیے خلا میں نیا سیٹلائٹ نیٹ ورک
Posted on Jun 26, 2013
سماجی رابطہ