کمپیوٹر اور ٹیکنالوجی سے متعلق صنعت کے ایک اہم نام ایپل کی مصنوعات ’آئی پیڈ‘ اور ’آئی فون‘ کے لیے ’ای کویل نوٹ‘ نامی ایک نئی ایپلیکیشن متعارف کرائی گئی ہے، جو اپنے سے جڑے ’ای کویل جوٹ‘ نامی ایک اسمارٹ پین کی بدولت لکھے جانے والے الفاظ کو پڑھ کر ان میں رد و بدل کی تجاویز ہی نہیں پیش کرسکتی بلکہ اس کی مدد سے لکھے ہوئے الفاظ کو ای میل کیا جاسکتا ہے، کسی کو بطور پیغام بھیجا جا سکتا ہے اور مزید بہت کچھ کیا جاسکتا ہے۔
اس ایپلیکیشن کو تیار کرنے والی کمپنی ’امیریکاز فار ای کویل‘ کے سربراہ گریگ ایپلہوف کے بقول وہ ایک ایسی ایپلیکیشن تیار کرنا چاہتے تھے جو ہر چیز پڑھ سکے، چاہے وہ جس جگہ بھی لکھی گئی ہو۔ اسی لیے ان کی کمپنی نے جو ایپلیکیشن تیار کی ہے وہ کاغد یا کسی بھی سطح پر لکھے جانے والے الفاظ کو جوں کا توں آئی پیڈ یا آئی فون پر دکھاتی ہے۔ اسی کے ساتھ ساتھ ’ای کویل نوٹ‘ تحریر میں بہتری کی تجاویز بھی دیتی ہے اور اسے ای میل کرنے یا کسی دوسرے کو بھیجنے کے لیے آپشن بھی دیتی ہے۔
یہ ایپلیکیشن بلو ٹوتھ کا استعمال کرتے ہوئے ڈیٹا ٹرانسفر کرتی ہے اور اس میں ایک اسمارٹ پین اور ریسیور کا استعمال کیا جاتا ہے، جو انفرا ریڈ اور الٹرسونک لہروں کے ذریعے ڈیٹا ادھر ادھر کرتے ہیں۔
'ای کویل نوٹ‘ کے ذریعے صارفین تصاویر بھی کھینچ سکتے ہیں، جنہیں ایپلیکیشن کے ذریعے دائرہ بنا کر مزید واضح کیا جاسکتا ہے یا پھر ان پر تحریر بھی درج کی جا سکتی ہے۔
ایپل کی مصنوعات کے لیے اسی طرز کی ایک اور ایپلیکیشن ’ای کویل اسکیچ‘ ہے، جس کی مدد سے ڈیزائنرز اور فنکار اسمارٹ پین کے ذریعے اسکیچ یا خاکے بنا سکتے ہیں۔ ’ای کویل اسکیچ‘ کو ان طالب علموں اور کاروباری افراد کے لیے بنایا گیا ہے، جو کاغذ یا کسی بھی سطح پر بنائی اپنی تصویر کو اپنے آئی پیڈ یا آئی فون میں رکھنا چاہتے ہیں۔
امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ’لائیو اسکرائب‘ نامی کمپنی بھی اسی ٹیکنالوجی پر کام کر رہی ہے۔ اس کمپنی کی جانب سے گزشتہ ہفتے ’لائیو اسکرائب تھری‘ کے نام سے ایک اسمارٹ پین متعارف کرایا گیا ہے، جو کچھ ایسا ہی کام کرتا ہے کہ جیسے ’ای کویل نوٹ‘۔
لکھنے کے لیے بھی اسمارٹ فون ایپلیکیشن
Posted on Nov 08, 2013
سماجی رابطہ