3 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 20:48
سندھ میں 72 فیصد حفاظتی قطرے نہیں پلائے جا سکے، ڈاکٹر صغیر
کراچی...... وزیر صحت سندھ ڈاکٹر صغیر احمد کا کہنا ہے کہ کراچی میں پولیو مہم کے دوران 78 فیصد والدین نے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کیا، پولیو کے خاتمے کے لئے والدین اپنا کردار اداکریں۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر صغیر احمد کا کہنا تھا کہ عید کے بعد شہر کی 11 انتہائی حساس یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم میں انجکشن استعمال ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے باعث صوبے میں 72 فیصد سے زائد روٹین حفاظتی قطرے نہیں پلائے جاسکے۔ ڈاکٹر صغیر نے کہا کہ جب تک سیکیورٹی فراہم نہیں کی جائے گی پولیو مہم چلانا ممکن نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں پولیو کے خاتمے کا کوئی ٹائم فریم نہیں دیا جاسکتا ۔ ڈاکٹر صغیر احمد کا کہنا ہے کہ کراچی میں پولیو مہم کے دوران 78 فیصد والدین نے پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کیا۔سب سے زیادہ بلدیہ، گڈاب، سائٹ، اورنگی، لانڈھی اور گلشن اقبال کے علاقے میں بچوں کو قطرے نہیں پلائے جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کی یومیہ اجرت ڈھائی سو سے بڑھاکر 5 سو روپے کرنے کی سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کردی گئی ہے۔