تازہ ترین سرخیاں
 صحت 
4 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 13:38

رحم مادر کی پیوندکاری کے ذریعے دنیا میں پہلے بچے کی پیدائش

کراچی....رفیق مانگٹ.....بے اولاد جوڑوں کے لیے خوشخبری ہے کہ وہ اب بے اولاد نہیں رہیں گے۔سویڈن میں رحم مادر کی کامیاب پیوندکاری کے ذریعے پہلے بچے کی پیدائش ہوئی۔ دنیا کی طبی تاریخ کی اس پیش رفت سےخواتین میں بانجھ پن کے خاتمے کا امکان پیدا ہو گیا۔ سویڈن سے تعلق رکھنے والی36سالہ خاتون کے رحم کی پیوند کاری دو سال قبل کی گئی۔ اسے یہ رحم ایک 61سالہ فیملی فرینڈ خاتون کی طرف سے عطیہ کیا گیا تھا۔ بچے کی پیدائش ایک ماہ قبل آپریشن کے ذریعے ہوئی۔ پیدائش کے وقت بچے کا وزن پونے دو کلو گرام(3.9 پونڈ) تھا۔ زچہ و بچہ دونوں صحت مند ہیں۔جس سویڈن خاتون کے رحم کی پیوند کاری کی گئی اس میںبیضہ دانیاں (Ovaries) موجود تو تھیں لیکن رحم مادر نہیں تھا۔ رحم مادر کی پیوندکاری کے بعد عورت کے رحم میں اسی کے ہی بیضہ دانوں کو رکھا گیا۔ تین ہفتوں کے بعد خاتون کے حاملہ ہونے کاٹیسٹ مثبت آ گیا۔ خاتون نے 31ویں ہفتے میں بچے کو جنم دیا۔ رحم مادر کی پیوندکاری کے بعد ماں بننے والی عورت اور اس کے مرد ساتھی کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ۔پیوندکاری کا کامیاب آپریشن گوتھن برگ کی یونیورسٹی کے پروفیسر ماٹس برینسٹرُوم نے کیا۔ انہوں نے نو دوسری خواتین میں رحم کو ٹرانسپلانٹ کیا لیکن دو میں کامیابی حاصل نہ ہونے پر اس پیوند کردہ رحم کو نکال دیا گیا تھا۔ اب بقیہ سات میں سے دو عورتیں پچیس ہفتوں کے حمل کے ساتھ ہیں۔ اس تحقیق کے اخراجات سویڈن کے ایک سائنسی ادارے نے برداشت کیے ۔تحقیق سے قبل انہوں رحم مادر کی پیوند کاری کے کئی تجربات جانوروں پر کیے۔برطانوی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسی طرح کا طریقہ کارآئندہ سال وہ بھی کرنے جا رہے،یہ پیش رفت14ہزار برطانوی خواتین کے لئے معاون ہو گی جو بےاولاد ہیں۔ رحمِ مادر کی تبدیلی کے لیے دس برس تک ریسرچ کا عمل جاری رکھا گیا تھا۔یہ تحقیق طبی جریدے دی لانسیٹ میں شائع کی گئی ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.