تازہ ترین سرخیاں
 صحت 
15 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 19:44

صدرممنون کی ہدایت پر پاکستان میں ایبولا سے نمٹنے کی تیاریاں

اسلام آباد.........افریقہ کے بعد مغرب کو بھی ایبولا سے خطرہ لاحق ہوگیا ،پاکستان میں ایبولا سے نمٹنے کی تیاریاں شروع کردی گئیں ۔صدر مملکت ممنون حسین نے چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز سے ایبولا وائرس سے نمٹنے کیلئے اب تک کیے گئے اقدامات کی رپورٹ طلب کرلی۔صدر مملکت نے ہدایت کی ہےکہ ملک کے تمام ائر پورٹس،بندرگاہوں وسرحدی داخلی مقامات پر اسکریننگ اور قرنطینہ کے انتظامات کیے جائیں۔ صدر نے کہا کہ صوبوں میں ایبولا وائرس کی ادویات مناسب مقدار میں جمع رکھی جائیں اور ممکنہ مریضوں کے لیے وارڈ بھی مختص کیے جائیں ۔اقوام متحدہ کے امن مشن کے تحت پاکستان کے فوجی دستے مغربی افریقی ملکوں میں کام کررہے ہیں، جن سے ایبولا وائرس پاکستان میں منتقل ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ اُدھرعالمی ادارہٴ صحت نے کہا ہے کہ مغربی افریقا میں ایبولا کا مرض جس تیزی سے پھیل رہا ہے، نئے مریضوں کی تعداد بڑھ کر ہر ہفتے دس ہزار تک پہنچ سکتی ہے۔ ایبولا ایمرجنسی رسپانز کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ایبولا نے لائبیریا، سیریا لیون اور گنی میں تباہی مچارکھی ہے۔ ایبولاسے نمٹنے کیلئے اسپتالوں میں کیےگئے انتظامات ناکافی ہیں،کسی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیاری بھی انتہائی ناقص ہے۔ایبولا سےاب تک قریب ساڑھے4ہزار افرادہلاک ہو چکے ہیں۔ جبکہ متاثرین کی تعداد 9 ہزار ہو چکی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.