28 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 12:13
کوئٹہ: 10 نومبر سے پولیو مہم چلانے کا فیصلہ،محکمہ صحت
کوئٹہ ........ بلوچستان میں محکمہ صحت نے 10 نومبر سے انسدادپولیو کی خصوصی مہم چلانے کا فیصلہ کرلیا۔ محکمہ صحت کےذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر انسداد پولیو کی سہ روزہ خصوصی مہم 11اضلاع میں چلائی جانے کی منصوبہ بندی کرلی گئی ہے۔ اس کے مطابق کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللہ، ژوب، شیرانی، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، موسی خیل، نصیرآباد اور جعفر آباداور لسبیلہ کےعلاقے حب میں مہم چلائی جائے گی۔ محکمہ صحت کے ذرائع کا کہنا تھا کہ اس بارمہم کےدوران اورل ویکسین کےعلاوہ بچوں کو انجیکشن کے ذریعے ویکسین پلانے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ اس حوالے سے مزید تفصیلات اور امور کل چیف سیکرٹری کے متعلقہ حکام سے اہم اجلاس میں طے کئے جائیں گے۔ دوسری جانب گذشتہ روز کوئٹہ میں کمشنر کمبر دشتی کی زیرصدارت اجلاس کےدوران 10نومبر سے شروع ہونے والی 3روزہ انسداد پولیو کی مہم کے انتظامات اور اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر کمشنر کوئٹہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیو مہم کو کامیاب کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔