15 نومبر 2014
وقت اشاعت: 23:49
بلوچستان: انسداد پولیو قطرے پلانے سے انکار کرنے والوں کی تعدادنو ہزار
کوئٹہ...... ڈائریکٹر جنرل صحت بلوچستان ڈاکٹر نصیر بلوچ نے کہا ہے کہ کوئٹہ ،قلعہ عبداللہ اور پشین میں بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرنے والوں کی تعداد نو ہزار کے لگ بھگ ہے،صوبے میں قانون سازی نہ ہونے کی وجہ سے انکے خلاف قانونی کاروائی ممکن نہیں ہے، یہ بات انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کوئٹہ شیر احمد ساتکزئی کے ہمراہ نیو ز کانفرنس میں کہی۔ ڈی جی صحت نصیر بلوچ نے بتایا کہ حال ہی میں ختم ہونے والی انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیموں نے 98فیصد ٹارگٹ کو کور کیا، سہ روزہ مہم کے دوران آٹھ ہزار بچے پولیو کے قطرے پلانے سے رہ گئے تھے جن کیلئے دو اضافی دن مختص کئے گئے تھے ،اس مہم کی حتمی رپورٹ تیار کی جارہی ہے۔اس موقع پر ڈی ایچ او کوئٹہ ڈاکٹر شیر احمدنے بتایا کہ کوئٹہ میں بار بار پولیو مہم کے نتیجے میں اس مرتبہ کوئٹہ میں پولیو وائرس کی رپورٹ منفی میں آئی ہے،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کی تنخواہوں کا مسلہ حل ہوگیا، انہیں جلد پانچ ماہ کی تنخواہیں مل جائیں گی۔