تازہ ترین سرخیاں
 صحت 
25 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 10:27

ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک ہوگیا

اسلام آباد..........ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک ہوگیا۔ بالائی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر گیا ہے۔ ملک کے بالائی علاقوں اورشمالی بلوچستان میں سردی کی شدت بڑھتے ہی شہری شام سے ہی گھروں میں محصورہوجاتے ہیں جبکہ لوگ مہنگی قیمتوں پرسوکھی لکڑی خرید نے پرمجبور ہیں۔ بالائی چترال میں برف باری شروع ہوتے ہی سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان،ہنزہ، دیامر، غذر، مالاکنڈ ڈویژن، کوئٹہ اور زیارت میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرگئے ہیں۔ گوپس میں درجہ حرارت منفی 8، قلات میں منفی 7 اور اسکردو میں منفی 05 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ کے شہروں میں بھی سردی نے ڈیرے ڈال لیے ہیں، میدانی علاقوں میں صبح اوررات کے وقت شدید دھند چھائی رہتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے پنجاب کے بیشتر شہروں جبکہ سندھ میں سکھر اور گھوٹکی میں صبح کے وقت دھند چھائی رہنے کا امکان ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں موسم ابرآلود رہے گا۔ مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن اورآزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.