2 جنوری 2015
وقت اشاعت: 19:32
مغربی افریقہ میںایبولا سے متاثرہ تعداد 20ہزار81 تک پہنچ گئی
واشنگٹن......عالمی ادارہ صحت نے انکشاف کیا ہے کہ مغربی افریقہ میں اب تک ایبولا سے متاثرہ کیسوں کی تعداد 20,ہزار81 تک پہنچ گئی ہے۔یہ وہ کیس ہیں جنہیں ایبولا کا مرض لاحق ہوا یا جن میں اس مرض کی تشخیص کی گئی یا جن مریضوں کو ایبولا ہونے کا شبہ یا احتمال تھا۔رواں برس ایبولا کے مرض سے 7,ہزار842 افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔ یہ اموات زیادہ تر سیرا لیون، لائبیریا اور گنی جیسے ممالک میں واقع ہوئی ہیں۔طبی حکام کا کہنا ہے کہ یہ وہ اموات ہیں جنہیں رپورٹ کیا گیا، جب کہ اس بات کا امکان موجود ہے کہ ایبولا کے مرض سے در حقیقت ہلاک ہونے والوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو۔ 27 دسمبر تک کے اعداد و شمار کے مطابق، ایبولا کے مرض سے سب سے زیادہ سیرا لیون متاثر ہوا، جہاں ایبولا کے 9ہزار409 کیسز درج کیے گئے۔ جبکہ، دوسرے نمبر پر لائبیریا ہے جہاں ایبولا سے ہلاک ہونے والوں والوں کی تعداد 3ہزار413 رہی۔ایبولا کی موجودہ وبا گذشتہ برس دسمبر میں پھوٹی تھی اور ماہرین کا خیال ہے کہ ایبولا 2015 کے آخر تک ختم ہو جائے گا۔واضح رہے کہ ایبولا کے مرض کی تشخیص پہلی مرتبہ 1976 میں وسطی افریقہ میں ہوئی تھی۔