7 جنوری 2015
وقت اشاعت: 6:24
پولیو پر عالمی تشویش،بل گیٹس فائونڈیشن کا وفد پاکستان آئے گا
اسلام آباد......پاکستان میں پولیو کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے قومی قیادت کو عالمی تشویش سے آگاہ کرنے کے لیے بل گیٹس فائونڈیشن کا چار رکنی وفد 15 جنوری کو ہنگامی دورے پر پاکستان آرہا ہے ۔وفاقی وزارت صحت کے ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ وفد کی قیادت بل گیٹس کے خصوصی ایلچی ڈاکٹر وقار اجمل کریں گے ۔ وفد اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم نواز شریف ، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ، پنجاب کے وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف ، سندھ کے وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ اورگورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد خان سے ملاقات کرے گا ۔ ذرائع کے مطابق وفد ملاقات میں پاکستانی قیادت کو پولیو کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر عالمی برادری میں پائی جانے والی تشویش سے آگاہ کرے گا ۔ قومی ادارہ صحت نے کراچی، کوئٹہ ، پشاور اور راولپنڈی کے بعض علاقوں کےگٹر کے پانی میںپولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔