25 فروری 2011
وقت اشاعت: 11:21
کم دودھ پینے والے بچوں میں پیٹ کے سرطان کا خطرہ
ایک نئی طبی تحقیق کے مطابق جو بچے بچپن میں کم دودھ پیتے ہیں ان کو بالغ عمری میں پیٹ کے نچلے حصے کا سرطان ''باؤل کینسر'' لاحق ہو سکتا ہے۔ نیوزی لینڈ کے طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ چالیس فیصد کم دودھ پینے والے بچوں میں یہ خطرہ نوٹ کیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق دودھ سرطان کے خطرات کو روکنے کیلئے ایک اہم غذائی جزو ثابت ہو رہا ہے، روزانہ باقاعدگی سے دودھ کا استعمال سرطان کے خطرے کو طویل عرصہ تک روکے رکھتا ہے۔ ڈیلی ایکسپریس میں شائع ہونے والی اس تحقیق کے مطابق بچپن میں دودھ کا استعمال نسبتاً زیادہ بہتر ہوتا ہے۔ پروفیسر برین کوکس نے اپنی اس تحقیق میں بتایا ہے کہ دودھ میں شامل کیلشیئم سرطان کے خلیوں کو ہلاک کرنے میں ایک کیمیاوی فارمیشن ترتیب دینے کا اہل ہے۔ جس سے نہ صرف قوت مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ خاص طور پر سرطان کے مرض کو کم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ تحقیق کے مطابق چھ سال کی عمر تک باقاعدگی سے دودھ پینے والے بچوں کو بالغ عمری میں سرطان کے خطرات سے خاطر خواہ نجات ملتی ہے۔ یہ تحقیق ''امریکن جرنل آف ایپڈامالوجی'' میں شائع ہوئی ہے۔