25 فروری 2011
وقت اشاعت: 11:21
عالمی ڈیٹا سٹور کرنے کی صلاحیت کیا ہے؟
سائنسدانوں نے اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کی ہے کہ انسان دنیا میں موجود بے شمار اطلاعات کو کس حد تک سٹور کر سکتا ہے۔
سائنس کے جریدے میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق 2007 تک دنیا میں سٹور ہونے والا ڈیٹا 295 ایکسا بائٹ ہے جو اوسطاً 12 ملین ہارڈ ڈرائیو کے مساوی ہے۔
تحقیق کاروں نے 1986 سے 2007 کی انفارمیشن کمپیوٹروں، ڈی وی ڈیز، کتابوں اور اشتہاروں سمیت 60 قسم کی ٹیکنالوجی سے لیے گئے اعدادو شمار کی بنیاد پریہ اندازہ پیش کیا ہے۔
جنوبی کیلیفورنیا یونیورسٹی کے سائنسدان ڈاکٹر مارٹن ہلبرٹ نے بی بی سی کو بتایا کہ اگر ہم یہ تمام اطلاعات لے کر انہیں کتابوں میں جمع کریں تو ان کتابوں کا انبارامریکہ یا چین کے برابر کے رقبے میں پھیل جائے گا۔
کمپیوٹر میں انفارمیشن جمع کرنے کی پیمائش روایتی طور پر کلو بائٹس پھر میگا بائٹس اور اب عموماً گیگا بائٹس میں کی جاتی رہی ہے جس کے بعد ٹیرا بائٹس، پیٹا بائٹس اور اب ایکسا بائٹس آ گیا ہے اور ایک ایکسا بائٹ ایک بلین گیگا بائٹس کے برابر ہے۔
تحقیق کاروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر یہی انفارمیشن سی ڈیز پر جمع کی جائے تو سی ڈیز کا انبار چاند سے بھی اوپر پہنچ جائے گا۔