تازہ ترین سرخیاں
 سائنس وٹیکنالوجی 
11 جنوری 2012
وقت اشاعت: 8:3

امریکہ میں نوکیا کی واپسی کا منصوبہ تیار

نوکیا کمپنی نے امریکہ میں سمارٹ فون مارکیٹ میں اپنی موجودگی کو نمایاں بنانے کے لیے نیا عزم ظاہر کیا ہے۔ اب تک امریکہ میں ایپل یا گوگل کے سوفٹ ویئر اینڈرائڈ سے چلنے والے سمارٹ فونز صارفین کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
کسی زمانے میں موبائل فونز میں قابل اعتبار نام نوکیا ہی سمجھا جاتا تھا تاہم جب سے سمارٹ فونز نے مارکیٹ کو کنٹرول کیا، تب سے نوکیا کی مانگ کچھ کم پڑ گئی۔ ناقدین کے بقول نوکیا کمپنی ابھی تک کوئی قابل ستائش سمارٹ فون بنانے سے قاصر رہی ہے۔

مائیکروسوفٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو اسٹیون بالمبر اور نوکیا کمپنی کے بوس اسٹیفن ایلوپ نے اب ایک اتحاد بنا کر مارکیٹ میں موجود سمارٹ فون بنانے والی کمپنیوں کا مقابلہ کرنے کی ٹھان لی ہے۔ ان دونوں کمپنیوں کے اشتراک سے بنائے جانے والے سمارٹ فون کا سسٹم ونڈوزموبائیل سوفٹ ویئر پر چلے گا۔
اسٹیفن بالمبر نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد ہی نوکیا کا Lumia 900 نامی ماڈل منظر عام پر لا رہے ہیں، جو سمارٹ فون استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ایک تحفہ ثابت ہو گا۔ ابھی تک اس سمارٹ فون کی قیمت یا اس کے مارکیٹ میں لانے کی کوئی تاریخ فائنل نہیں کی گئی ہے۔ تاہم یہ ضرور بتایا گیا ہے کہ یہ فون 4G LTE ٹیکنالوجی سے چلے گا، جو تھری جی کے مقابلے میں کافی بہتر ہے۔ ابھی تک مارکیٹ میں دستیاب زیادہ تر سمارٹ فون تھری جی ٹیکنالوجی پر ہی کام کر رہے ہیں۔

لاس ویگاس میں کنزیومر الیکٹرانکس شو کے دوران اس نئے سمارٹ فون کے بارے میں معلومات فراہم کرتے ہوئے ایلوپ نے کہا کہ اب سمارٹ فونز اور ٹیبلٹ کمپیوٹرز کے مابین جاری مارکیٹنگ کی جنگ کی نوعیت بدل چکی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اس جنگ میں نوکیا کمپنی کو کئی اہم حریفوں کا سامنا ہے۔

فن لینڈ کی کمپنی نوکیا نے گزشتہ برس اکتوبر میں Lumia Line سمارٹ فون مارکیٹ میں متعارف کروایا تھا۔ ایلوپ نے اسے ’پہلاحقیقی ونڈوز فون‘ قرار دیا اور کہا کہ اب مزید تحقیق کے بعد انہوں نے اپنے اس ماڈل کو جدید خطوط پر استوار کیا ہے۔
بالمبر نے نوکیا کمپنی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مائیکروسوفٹ کے ساتھ معاہدے کے بعد نوکیانے ایک برس سے بھی کم عرصے میں یہ نیا سمارٹ فون تیار کر لیا ہے۔ اس سسٹم کے لیے پچاس ہزار ایپلیکیشنز اس وقت مارکیٹ میں موجود ہیں، جو تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہیں۔ بالمبر نے کہا کہ اگرچہ نوکیا کمپنی نے سمارٹ فون کی مارکیٹ میں مؤثر طریقے سے قدم رکھنے میں دیر کی ہے لیکن اب یہ ایک نیا رحجان بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔

ادھر ایک اہم سروس پروائڈر کمپنی AT&T کے صدر رالف ڈی لاویگا نے کہا ہے کہ نوکیا کمپنی ایک مرتبہ پھر امریکی مارکیٹ میں تہلکہ مچانے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ شروع سے ہی ونڈوز فونز کے دلدادہ رہے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.