تازہ ترین سرخیاں
 سائنس وٹیکنالوجی 
14 جون 2012
وقت اشاعت: 13:26

ایپل آپریٹنگ سسٹم سےگوگل میپ حذف

ایپل کمپنی نے اپنا جدید ترین موبائل آپریٹنگ سسٹم ’آئی او ایس سکس‘ متعارف کروا دیا ہے اور اس سے نقشوں کا گوگل سافٹ ویئر ’گوگل میپس‘ نکال دیا گیا ہے۔

اس کی جگہ ایپل نے نقشہ جات کا اپنا نیا سافٹ ویئر بنایا ہے جس میں سہ رخی (تھری ڈی) صلاحیت بھی ہوگی۔
ئی فون، آئی پیڈ اور آئی پوڈ ٹچ پر چلنے والے اس آپریٹنگ سسٹم کو سالانہ ڈویلپرز کانفرنس میں متعارف کروایا گیا۔

دوسری جانب گوگل نے گزشتہ ہفتے ایک مقابل پلیٹ فارم ’اینڈرائڈ‘ کے لیے اپنا ایک تھری ڈی نقشہ جاتی سافٹ ویئر بھی متعارف کروایا تھا۔

ایپل کے چیف ایگزیکٹو ٹم کُک نے بتایا کہ ایپل کا نیا آپریٹنگ سسٹم منگل کو بیٹا ورژن میں لانچ کیا جا رہا ہے اور صارفین کے استعمال کے لیے اگست سے میّسر ہوگا۔

آئی فون فور ایس، آئی فون فور، آئی فون تھری جی ایس کے ساتھ ساتھ آئی پیڈ، آئی پیڈ ٹو اور چوتھی جینریشن کے آئی پوڈ ٹچ کے صارفین کے لیے اس نئے آپریٹنگ سسٹم کا مفت اپ گریڈ دیا جائے گا۔

اس نئے آپریٹنگ سسٹم میں مزید نئے فیچرز بھی متعارف کروائے گئے ہیں۔ ان میں سے ایک ’آئیز فری‘ کے نام سے جاری کیا جا رہا ہے جو کہ ایپل کے مطابق گاڑیاں بنانے والوں کے ساتھ مل کر تشکیل دیا گیا ہے۔ گاڑیوں میں ایک ’سیری‘ بٹن دیا جائے گا جو کہ اس فیچر کی مدد سے ایپل کا آواز سے چلنے والا اسسٹنٹ لانچ کر دے گا۔

پہلی بار ایپل کی مصنوعات میں ویڈیو کالز وائی فائی کی بجائے موبائل فونوں کے نظام سے بھی کی جا سکیں گی۔

سان فرانسسکو میں گارٹنر کمپنی کی ایک تجزیہ کار کیرولینا ملانیسی کا کہنا ہے کہ نقشہ جات کا اپنا سافٹ ویئر متعارف کروانے سے ایپل کے پاس پیسے کمانے کے مزید مواقع آ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نقشہ جات کے صارفین کے استعمال کے بارے میں معلومات حاصل کر کے ایپل یہ بتا سکیں گے کہ ان کے صارفین کیا کر رہے ہیں اور ان معلومات سے اشتہارات کو بہتر بنایا جا سکے گا۔

انہوں نے بی بی سی کو بتایا کہ آئی او ایس سکس ایپل کے آپریٹنگ سسٹمز کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’آپریٹنگ سسٹمز بہتر سے بہتر ہو رہے ہیں۔ صارفین کیا کر رہے ہیں، یہ دیکھ کر آپریٹنگ سسٹم متعلقہ چیزوں کو بہتر بنا دیتا ہے۔‘

ایپل نے اپنے لیپ ٹاپ میک بک پرو اور میک ائیر کو بھی بہتر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

نئی میک بک پرو کی موٹائی صفر اعشاریہ سات ایک انچ ہے اور اس میں ’ہائی ریزولوشن‘ ڈسپلے ہے۔ اس لیپ ٹاپ میں میں اِنٹل کمپنی کا ’آئیوی بریج‘ پراسسیسر استعمال کیا گیا ہے۔

میک بک ایئر میں بھی ڈسپلے اور پراسیسر کی صلاحیت کو بہتر کیا گیا ہے۔

ان دونوں کمپیوٹروں کے لیے ایپل کا جولائی میں متوقع جدید ترین آپریٹنگ سسٹم ’او ایکس ماؤٹن لائن‘ بھی مفت میں دیا جائے گا۔

اس آپریٹنگ سسٹم میں ’آئی کلائوڈ‘ (ایک ایسی سروس جس میں صارفین اپنی فائلیں انٹرنیٹ پر ہی محفوظ کر سکتے ہیں) کے ذریعے صارفین مختلف کمپیوٹرز اور فونز کے بیچ بہتر ہم آہنگی لا سکیں گے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.