تازہ ترین سرخیاں
Please install font for better text view. / بہتر لکھائی یا بہتر متن دیکھنے کے لئے فونٹ انسٹال کریں۔
فونٹ انسٹال کرنے کے لئے اس صفحے پر جائیں
 سائنس وٹیکنالوجی 
5 مئی 2012
وقت اشاعت: 13:1

بلیک بیری کا نیا فون اور آپریٹنگ سسٹم

بلیک بیری فون بنانے والی کینیڈا کی کمپنی ریسرچ ان موشن نے اپنے اسمارٹ فون کا نیا ماڈل متعارف کرا دیا ہے۔ اس نئے فون میں بہتر بنایا گیا نیا آپریٹنگ سسٹم بھی موجود ہے۔

رواں سال جنوری میں ریسرچ اِن موشن کی سربراہی سنبھالنے والے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹورسٹن ہائنز Thorsten Heins نے منگل یکم مئی کو اورلینڈو میں ہونے والی کمپنی کی ایک بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر بلیک بیری 10 آپریٹنگ سسٹم متعارف کرایا۔ اس نئے سسٹم کے لیے نئے فون کا پروٹو ٹائپ بھی متعارف کرایا گیا۔ تاہم انہوں نے اس نئے سوفٹ ویئر کی باقاعدہ لانچنگ کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔
اس کانفرنس میں دنیا بھر سے سوفٹ ویئر اور ایپلیکیشن ڈویلپرز بھی شریک تھے۔ ہائنز نے جنہیں امید ہے کہ یہ ڈویلپرز اس نئے آپریٹنگ سسٹم کے لیے بہترین ایپلیکیشنز تیار کریں گے، اعلان کیا کہ کانفرنس میں شریک ہر ڈویلپر کو اس نئے فون کا پروٹو ٹائپ دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ فی الحال یہ اس فون کی حتمی شکل نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی کمپنی اس بہترین نئے فون کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔

کارپوریٹ صارفین میں بلیک بیری فون بہت زیادہ مقبول رہا ہے۔ اس کی اہم ترین وجہ اس فون کا محفوظ ترین اور قابل بھروسہ ہونا ہے۔ یہاں تک کہ امریکی صدر باراک اوباما نے جب عہدہء صدارت سنبھالا تو انہوں نے اپنا بلیک بیری فون چھوڑنے سے انکار کر دیا تھا۔ مگر اب یہ کمپنی ایپل کے آئی فون اور اینڈروئڈ سسٹم کے حامل دیگر اسمارٹ فونز کا مقابلہ کرنے کی تگ و دو کر رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق ریسرچ ان موشن کمپنی کے مستقبل کا انحصار اب نئے بلیک بیری 10 سوفٹ ویئر پلیٹ فارم پر ہے، تاہم کئی دیگر کے مطابق اب اس میں کافی دیر ہو چکی ہے۔ ٹورسٹن ہائنز نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ نئی پروڈکٹ ان کے لیے بہت، بہت زیادہ اہم ہے۔

متعارف کرایا جانے والا پروٹو ٹائپ بلیک بیری ٹچ اسکرین پر مشتمل ہے، لیکن اس کے اکثر ماڈلز کے برعکس اس میں فزیکل کی بورڈ موجود نہیں ہے۔ اس فون کا ایک اہم فیچر بہتر بنایا گیا ٹچ اسکرین کی پیڈ ہے جس کی مدد سے آپ محض ایک ٹچ سے پورا لفظ لکھ سکیں گے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.