29 مئی 2012
وقت اشاعت: 12:16
چینی مائیکرو بلاگ کا نیا ضابطۂ اخلاق
چین کی سب سے بڑی مائیکرو بلاگنگ سروس ویئبو نے اپنی خدمات استعمال کرنے والوں کے لیے ضابطہ اخلاق طے کیا ہے جس کے تحت مخصوص قسم کے پیغامات پوسٹ کرنے پر پابندی لگائی جائے گی۔
ٹوئٹر کی طرح کی اس بلاگنگ سروس ویئبو نے یہ اقدم مقامی حکام کی تنقید کے بعد کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس سروس کا استعمال کرنے والے کچھ لوگ ’بے بنیاد‘ افواہیں پھیلاتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس میں کریڈٹ سکور یعنی اعتبار کے اعشاریہ کا نظام شروع کیا جائے گا اور جاری ضابطوں کی خلاف ورزی کے نتیجے میں ویئبو کی خدمات کا استعمال کرنے والوں کے پوائنٹ کم کیے جائیں گے۔
بار بار خلاف ورزی کرنےوالوں کا اکاؤنٹ ختم کر دیا جائے گا۔
اس خدمت کو فراہم کرنے والی کمپنی سینا کوپ کا کہنا ہے کہ اس سروس کا استعمال کرنے والے تیس کروڑ افراد ہیں۔
کہا جاتا ہے کہ اس سروس کا استعمال کرنے والوں کا اکاؤنٹ اسّی پوائنٹ سے شروع ہوتا ہے اور اگر وہ اس کی پروموشنل سرگرمی میں حصہ لیتے ہیں تو ان کے پوائنٹ میں اضافہ ہوتا رہتا ہے لیکن اگر وہ اس کے اصولوں کو پامال کرتے ہیں تو ان کے پوائنٹس میں کمی آتی ہے۔
یہ خبر دی گئی ہے کہ اگر کسی کا پوائنٹ ساٹھ تک پہنچ جاتا ہے جو کہ کم کریڈٹ تصّور کیا جاتا ہے تو ان کے مائیکرو بلاگ پر ایک وارننگ دی جاتی ہے کہ اگر ان کا کریڈٹ صفر ہو گیا تو ان کا اکاؤنٹ بند کر دیا جائے گا اور اگر وہ متواتر دو ماہ تک ضابطے کے مطابق عمل کرتے رہے تو ان کا کریڈٹ پھر اسّی پوائنٹ پر واپس آ جائے گا۔
تحقیقی ادارے چیتھیم ہاؤس کے ایشیا پروگرام کے سربراہ ڈاکٹر کیری براؤن نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ’یہ چین میں انٹرنیٹ پر حکام کے ذریعے لگام ڈالنے کی علامت ہے تاہم انٹرنیٹ استعمال کرنے والے پکے لوگوں کی جماعت اس روک تھام کا کوئی نہ کوئی حل نکال لے گی۔‘
اس خبر کو پہلی بار مغربی پریس بائی دی نکسٹ ویب نے نشر کیا جس میں ایک نامعلوم گروپ کے حوالے سے ان ضوابط کا ترجمہ پیش کیا گیا۔