24 مئی 2012
وقت اشاعت: 14:31
ایچ پی میں ستائیس ہزار ملازمین کی چھانٹی
دنیا کی سب سے بڑی کمپیوٹر ساز کمپنی ہیولٹ پیکارڈ نے سنہ 2014 کے آخر تک ستائیس ہزار ملازمتیں ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ہیولٹ پیکارڈ کا کہنا ہے کہ اس آٹھ فیصد کمی سے کمپنی ہر سال ساڑھے تین ارب ڈالر تک کی بچت کرے گی۔
ایک بیان میں ہیولٹ پیکارڈ نے کہا ہے کہ اس رقم کو واپس کمپنی میں لگا دیا جائےگا۔
’ایچ پی‘ کمپنی کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ یہ بتانا مشکل ہے کہ اس چھانٹی سے کن ملکوں میں سب سے زیادہ اثر پڑے گا۔
دنیا بھر میں تقریبا ساڑھے تین لاکھ لوگ ’ایچ پی‘ میں کام کرتے ہیں اور ان میں سے تقریباً بیس ہزار برطانیہ میں ملازم ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ’چھانٹی کس جگہ ہوگی اس سے متعلق کوئی منصوبہ ہم نے ابھی جاری نہیں کیا ہے۔ہمارا اندازہ ہے کہ اس کا اثر مختلف ممالک میں پھیلے کمپنی کے ہر حصے پر پڑے گا‘۔
ملازمتوں کے خاتمے کی اس خبر کے ساتھ ہیولٹ پیکارڈ نے سہ ماہی کے اپنے نتائج بھی جاری کیے جو ماہرین کے اندازے سے بہتر رہے ہیں۔
ہیولٹ پیکارڈ کا منافع دوسری سہ ماہی میں اکتیس فیصد کمی کے ساتھ ایک ارب ساٹھ کروڑ ڈالر رہا۔
اس مثبت خبر کا اثر بدھ کو وال سٹریٹ پر پانچ فیصد کی کمی کا سامنا کرنے والے ہیولٹ پیکارڈ کے حصص کی قیمت پر بھی پڑا اور اس میں بہتری دیکھی گئی۔