18 مئی 2012
وقت اشاعت: 13:4
فیس بک کی سرمایہ کاری سو بلین ڈالر
سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے کہا ہے کہ کمپنی کے فی شیئر یا حصص کی قیمت اڑتیس ڈالر ہو گی اور ان کی خرید و فروخت جمعہ سے امریکی شہر نیویارک میں شروع ہو گی۔
فیس بک کے حصص کی فروخت سے کمپنی کی مالیت پچاسی سے پچانوے ارب ڈالر تک ہو جائے گی۔
اس سے پہلے فیس بک نے کہا تھا کہ اس کے پچیس فیصد سے زیادہ حصص کو فروخت کیا جائے گا۔
تاہم کمپنی کی منافع کمانے کی صلاحیت اور موبائل فون پلیٹ فارمز سے فائدہ حاصل کرنے کے بارے میں سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
اس سے پہلے فیس بک نے کہا تھا کہ اس کے فی حصص کی قیمت چونتیس سے اڑتیس ڈالر ہو گی۔
فیس بک کا کہنا ہے کہ اپنے حصص کو اس قیمت پر فروخت کرنے سے وہ سولہ ملین ڈالر حاصل کرے گی۔
فیس بک کی جانب سے فروخت کے لیے پیش کیے جانے والے حصص کو ’اے شیئر ‘ کا نام دیا گیا ہے جس کے مطابق ہر شیئر کا ایک ووٹ ہو گا جبکہ کمپنی کے موجود مالک کے حصص کو ’بی شئیر‘ کا نام دیا گیا ہے جس کے مطابق ہر شیئرکے دس ووٹ ہوں گے۔
فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کے پاس اس وقت کمپنی کے چھپن فیصد سے کم شیئرز ہیں تاہم پبلک لسٹنگ کے بعد وہ کمپنی کے چھیانوے فیصد سے زائد حصص پر کنٹرول حاصل کر لیں گے۔
کمپنی کی جانب سے دی گئی معلومات کے مطابق فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کمپنی کے اٹھائیس اعشاریہ چار فیصد حصے کے مالک ہیں۔
آٹھ سال پہلے شروع ہونے والی ویب سائٹ فیس بک کے اس وقت نوے کروڑ صارف ہیں اور گزشتہ سال اس کا منافع ایک ارب ڈالر تھا۔
اب فیس بک کا دس فیصد کاروبار عوام میں فروخت کیا جا رہا ہے اور اس سے بارہ ارب ڈالر حاصل ہونے کی توقع ہے۔