28 مئی 2012
وقت اشاعت: 12:42
جرمنی کا شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کا ریکارڈ
جرمنی نے شمسی توانائی سے فی گھنٹہ 22 گیگا واٹس بجلی پیدا کرکے ریکارڈ قائم کردیا ۔جرمنی کے متبادل توانائی کے تھنک ٹینک نے کہا ہے کہ ہم نے سولر پاورپلانٹس سے فی گھنٹہ 22 گیگا واٹس بجلی پیدا کی ہے جو کہ جوہری توانائی کے 20 مکمل سٹیشنوں کی پیدا کی جانے والی بجلی کے برابر ہے۔ نوربرٹ الناچ ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف دی رینیو ایبل انرجی نے کہاکہ اتوار کو 22 گیگا واٹس فی گھنٹہ کے حساب سے سولر پاور قومی گرڈ میں شامل کی گئی جو ایک دن میں قومی ضروریات کا 50 فیصد ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس سے قبل کسی ملک نے بھی اتنی فوٹو ولٹک بجلی پیدا نہیں کی گئی ۔ جرمن حکومت نے گزشتہ سال فوکوشیما جوہری حادثہ کے بعد ملک سے جوہری توانائی کے استعمال کو ترک کردینے کا فیصلہ کیا جس کے تحت فوراً ملک کے 8 جوہری پلانٹس بند کردئیے اور باقی 9 جوہری پلانٹس 2022ء تک بند کردئیے جائیںگے ۔ ان منصوبوں کو قابل تجدید توانائی کے ذرائع مثلاً پن بجلی ' سولر اوربائیو ماس سے تبدیل کیاجائے گا۔