7 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 8:50
جاپان: تیرنے والا گھر فروخت کیلئے پیش
جاپان میں ایک مقامی کمپنی نے قدرتی آفات سے محفوظ رہنے کیلئے تیرنے والے گیند نما منفرد حفاظتی گھر متعارف کروائے ہیں۔ آبدوز سے متاثر ہو کر تیار کردہ ان نہ ڈوبنے والے گھروں کو فائبر گلاس سے تخلیق کیا گیا ہے جس میں پانی میں تیرنے اور خشکی میں ایک جگہ رکے رہنے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ قدرتی آفات جیسے سونامی، زلزلہ، سیلاب اور طوفان کے دوران ان تیرتے گیند نما گھروں میں سیلاب اور سونامی سے متاثرہ لوگ باحفاظت طریقے سے اپنی جان بچا سکتے ہیں۔ اس منفرد کارآمد ایجاد میں ایک وقت میں چار افراد با آسانی بیٹھ کر اپنی جان محفوظ کر سکتے ہیں جس کے درمیان پکڑنے کیلئے ایک ڈنڈا بھی نصب کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس ایک تیرتے گھر کی قیمت چار ہزار ڈالر ہے جسے عام فروخت کیلئے بھی پیش کر دیا گیا ہے۔