25 فروری 2011
وقت اشاعت: 11:21
خلامیں چند ماہ گزارنے سے انسان کمزور ہوجاتاہے
جو خلا باز خلا میں چند ماہ گزارتے ہیں وہ جسمانی طور پر اتنے کمزور ہوجاتے ہیں جیسے کوئی 80سال کا بوڑھا۔ یہ دعویٰ بین الاقوامی خلائی سٹیشن کے عملے کے افراد کے عضلات اور بافتوں کے ٹیسٹوں کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق خلا میں چھ ماہ تک کام کرنے کے بعد خلا نوردوں کی جسمانی کام کی صلاحیت 40فیصد کم ہوجاتی ہے۔ گویا ان کی قوت کم ہوکر ایک 80سال کے ضعیف آدمی جتنی رہ جاتی ہے۔جسمانی قوت میں یہ کمی اس کے باوجود ہوتی ہے کہ خلا نورد باقاعدگی سے ورزش کرتے ہیں اور طاقت دینے والے وٹامن لیتے ہیں۔ خلائی سٹیشن پر دو ٹریڈ مل اور ایک ورزشی سائیکل موجود ہے۔ سائینس دانوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر انسانی جسم پر خلا کے ان مضر اثرات کا کوئی سد باب نہ کیا جاسکا تو مستقبل میں مریخ کی جانب بھیجے جانے والے انسان بردارمشن ناکامی سے دوچار ہوسکتے ہیں۔ ناسا کا اندازے کے مطابق مریخ تک پہنچنے میں 10ماہ کا عرصہ لگے گا۔ مریخ پر قیام ایک سال سے تین سال تک طویل ہوسکتا ہے۔مارکوئیٹ یونیورسٹی، وسکنسن کے پروفیسر رابرٹ فٹس اور ساتھیوں نے جرنل آف فزیالوجی میں اپنے ایک پیپر میں لکھا کہ مسلسل بے وزنی کی کیفیت میں جسمانی فائبر ماس، قوت اور توانائی تباہ ہوجاتی ہے۔صرف ورزش کے ذریعہ اس کمی کو پورا نہیں کیا جا سکتا۔