23 اگست 2012
وقت اشاعت: 12:34
مریخ پر کیوروسٹی کے آلے کو نقصان
امریکی خلائی ایجنسی ناسا کا کہنا ہے کہ مریخ پر بھیجی گئی کیوروسٹی میں نصب ہوا کی رفتار معلوم کرنے والے آلے کو نقصان پہنچا ہے۔
مشن ٹیم کا کہنا ہے کہ اس آلے کو معمولی نقصان ہوا ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ یہ کوئی بڑا نقصان نہیں ہے اور کیوروسٹی معلومات بھیجتی رہے گی لیکن کچھ معلومات کا معیار تھوڑا کم ہو جائے گا۔
اس بارے میں حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا کہ اس آلے کو نقصان کیسے پہنچا ہے لیکن اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ کیوروسٹی کی مریخ پر لینڈنگ کے وقت پتھر اڑ کر اس آلے کو لگے ہوں گے جس کے باعث یہ نقصان پہنچا۔
واضح رہے کہ کیوروسٹی دو ہفتے قبل ہی مریخ پر لینڈ کی ہے۔
یاد رہے کہ امریکی خلائی ایجنسی ناسا کی ربوٹک گاڑی ’کیوروسٹی‘ مریخی پتھروں کو معائنے کی غرض سے توڑنے کے لیے تیار ہے۔
کیوراسٹی کے قریب پڑے پتھر کی سطح کو شعاعوں سے بخارات میں تبدیل کر دیا جائے گا تاکہ اس کی بنیادی کیمیات معلوم کی جاسکیں۔
ناسا کی مشن ٹیم کو اس نقصان کا خدشہ اس وقت ہوا جب اس آلے سے ملنے والی معلومات صحیح نہیں آ رہی تھیں۔
ہوا کی رفتار معلوم کرنے والا یہ آلے کیوروسٹی کے ایک جانب لگا ہوا ہے۔ تاہم سامنے لگا ہوا آلہ ابھی بھی صحیح ہے اور معلومات صحیح طور پر ناسا تک پہنچا رہا ہے۔