تازہ ترین سرخیاں
 سائنس وٹیکنالوجی 
25 مئی 2011
وقت اشاعت: 19:34

مائیکروسافٹ کا مینگو آپریٹنگ سسٹم

امریکہ سے تعلق رکھنے والے دنیا کے معروف سوفٹ ویئر ادارے مائیکروسافٹ نے اسمارٹ موبائل فونز کے لیے اپنا نیا آپریٹنگ سسٹم متعارف کرا دیا ہے۔ اس نئے ونڈوز فون آپریٹنگ سسٹم کا کوڈ نام مینگو ہے۔

ٹیکنالوجی اور کمپیوٹر مارکیٹ پر نظر رکھنے والے ماہرین کے مطابق مائیکروسافٹ کی طرف سے یہ نیا آپریٹنگ سسٹم دراصل اسمارٹ فون مارکیٹ پر ایپل اور گُوگل کا غلبہ توڑنے کی ایک کوشش ہے۔

مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ نئے آپریٹنگ سسٹم مینگو میں نہ صرف 500 سے زائد نئے فیچرز موجود ہیں، بلکہ اس میں ایکسپلورر نائن کے ذریعے زیادہ تیز رفتاری سے انٹرنیٹ تک رسائی بھی ممکن بنادی گئی ہے۔ مائیکروسافٹ کے مطابق ونڈوز سیون فون رکھنے والے صارفین مینگو آپریٹنگ سسٹم مفت اپ گریڈ کرسکتے ہیں۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ رواں برس کے اختتام تک سام سنگ، ایل جی اور ایچ ٹی سی موبائل فون کمپنیوں کے اشتراک سے نئے ونڈوز فون متعارف کرائے جائیں گے۔ مائیکروسافٹ کی طرف سے اس اشتراک میں دو مزید موبائل فون بنانے والی کمپنیوں فوجیستو اور زیڈ ٹی ای کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

مائیکروسافٹ اپنے نئے پارٹنر نوکیا کے ساتھ مل کر ایک مینگو ہینڈ سیٹ بھی تیار کر رہا ہے۔ نوکیا کی طرف سے رواں برس فروری میں ہی اعلان کیا گیا تھا کہ وہ اپنے اسمارٹ فونز میں ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کا استعمال شروع کردے گا۔

پہلے ونڈوز فون سیون کی فروخت شروع ہونے کے محض سات ماہ بعد ہی مائیکروسافٹ کی طرف سے مینگو آپریٹنگ سسٹم متعارف کرا دیا گیا ہے۔ ونڈوز سیون فون کو گوکہ اس انڈسٹری کے ناقدین کی طرف سے تو بہت پذیرائی ملی مگر صارفین میں یہ کچھ زیادہ معروف نہیں ہوسکا۔

رواں برس کے اختتام تک جب مینگو آپریٹنگ سسٹم کے حامل اسمارٹ موبائل فونز فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے تو اس وقت تک ممکنہ طور پر ایپل کی طرف سے نیا آئی فون بھی پیش کیا جا چکا ہوگا اور گُوگل کے اینڈرائڈ سسٹم کے حامل کئی دیگر جدید فون سیٹس بھی۔

ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والے معروف ادارے گارٹنر کے ایک تجزیہ نگار مائیکل گارٹن برگ کے بقول: ’’ٹیکنالوجی کے حوالے سے مینگو بہت ہی زبردست لگ رہا ہے، تاہم یہ صرف ٹیکنالوجی کے حوالے سے ہے۔ فروخت کے لیے اہم چیز یہ ہے کہ کونسی کمپنی اپنی پراڈکٹ کے بارے میں لوگوں کو کتنا زیادہ باخبر اور متوجہ کرتی ہے۔‘‘

گارٹنربرگ کے مائیکل گارٹن برگ اور فوریسٹر نامی کمپنی کے تجزیہ نگار چارلس گولوِن Charles Golvin کا کہنا ہے کہ مائیکروسافٹ کی طرف سے جو فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں ان میں سے بہت سے فیچرز اس کی حریف کمپنیاں پہلے ہی صارفیں کو فراہم کر رہی ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.