28 جون 2012
وقت اشاعت: 14:9
مائیکروسافٹ پر بھاری جرمانہ برقرار
یورپی یونین کی ایک جنرل عدالت نے یورپی کمیشن کی جانب سے مائیکروسافٹ پر عائد کردہ بھاری جرمانے کا زیادہ تر حصہ برقرار رکھا ہے۔
یورپی کمیشن کے کمپیٹیشن یا تجارتی مقابلے پر نگاہ رکھنے والے شعبے نے سن 2008ء میں مائیکروسافٹ پر بھاری جرمانہ عائد کیا تھا۔ بدھ کے روز اس جرمانے کے خلاف مائیکروسافٹ کی اپیل عدالت نے جرمانے میں کچھ کٹوتی کرتے ہوئے مسترد کر دی۔
عدالت نے یورپی کمیشن کی جانب سے مائیکروسافٹ پر عائد ایک اعشاریہ ایک بلین یورو جرمانے میں سے 39 ملین یورو جرمانے کم کرتے ہوئے حکم دیا کہ وہ 860 ملین یورو ادا کرے۔
واضح رہے کہ مائیکروسافٹ پر یہ جرمانہ اس کی جانب سے یورپی یونین کے تجارتی ضوابط کی خلاف ورزی پر عائد کیا گیا تھا۔ کمیشن کا کہنا تھا کہ سن 2004ء میں مائیکروسافٹ کو حکم دیا گیا تھا کہ وہ اپنے سرور سافٹ ویئر کے حوالے سے کوڈ فراہم کرے تاکہ اس کے مقابلے میں اپنی مصنوعات سامنے لانے والوں کو پورا موقع مل سکے۔ تاہم یورپی کمیشن کا کہنا تھا کہ مائیکروسافٹ نے اس حکم نامے پر عمل درآمد نہیں کیا۔ کمیشن نے مائیکروسافٹ پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ مارکیٹ میں اپنی برتری کا ناجائز فائدہ اٹھا رہا ہے۔
لکسمبرگ کی یورپی عدالت نے یورپی کمیشن کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے مائیکروسافٹ کے موقف کو قبول نہیں کیا۔ تاہم کہا گیا ہے کہ مائیکروسافٹ کی جانب سے اس فیصلے کے خلاف یورپ کی اعلیٰ ترین عدالت برائے انصاف میں اپیل دائر کی جا سکتی ہے۔ عدالتی حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ چونکہ یورپی کمیشن نے مائیکروسافٹ کو یہ اجازت دی ہے کہ وہ اپنی حریف کمپنیوں کی مصنوعات کو کسی حد تک محدود کر سکتا ہے، اس لیے مائیکروسافٹ پر عائد جرمانے میں سے 39 ملین یورو کم کیے جا رہے ہیں۔ یورپی یونین کی کمشنر برائے تجارتی مقابلہ بازی نے اس فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے یورپی کمیشن برائے تجارتی مقابلہ بازی کے فیصلوں کی توثیق ہو گئی ہے۔