25 فروری 2011
وقت اشاعت: 11:21
’موبائل کی تابکاری کی معلومات بھی دیں‘
امریکہ میں سان فرانسسکو پہلا شہر ہو گا جو موبائل فون کے بیچنے والوں پر یہ لازم کرے گا کہ وہ موبائل سیٹ کے ساتھ اس سے نکلنے والی تابکاری بھی درج کرے?
سان فرانسسکو کی کونسل نے اس اقدام کو ایک ووٹ کے مقابلے میں دس ووٹ سے منظور کیا? اس حوالے سے حتمی منظوری اگلے ہفتے دی جائے گی?
کونسل کے رکن اور اس قانون کی خالق سوفی میکس ویل نے کہا ’اس قانون کا مقصد لوگوں کو دانشمندانہ فیصلے کرنے میں مدد کرنا ہے?‘
واضح رہے کہ موبائل فون صنعت کا کہنا ہے کہ موبائل سے نکلنے والی تابکاری صحت کے لیے مضر نہیں ہے?
سان فرانسسکو کے میئر کے ترجمان ٹونی ونیکر کا کہنا ہے ’اس قانون کا مقصد لوگوں کو موبائل استعمال کرنے سے دور کرنا نہیں ہے? یہ لوگوں کو مزید شفاف معلومات دینے کے لیے ایک قدم ہے?‘ ان کا کہنا ہے کہ اس قانون پر میئر دستخط کردیں گے?
تاہم موبائل فون صنعت کا کہنا ہے کہ موبائل سیٹ کے ساتھ اس قسم کی معلومات سے لوگ زیادہ تذبذب کا شکار ہوں گے?
اس قانون کے تحت موبائل سیٹ کے ساتھ اس سے نکلنے والی تابکاری کی لیول لکھی ہو گی اور یہ بھی لکھا گیا ہو گا کہ اس کے بارے میں مزید معلومات کہاں سے مل سکتی ہیں?
فرانسسکو کرونکل نے لکھا ہے کہ اسی قسم کا قانون کیلیفورنیا ریاست میں بھی پیش کیا گیا تھا لیکن موبائل فون صنعت کی کوششوں کے باعث یہ قانون منظور نہیں ہو سکا تھا?