2 اگست 2012
وقت اشاعت: 13:7
آؤٹ لُک اب ہاٹ میل کی جگہ لے گا
مائیکروسافٹ نے اپنی فری ویب میل سروس کو مکمل طور پر تبدیل کر کے اسے ہاٹ میل کی جگہ آؤٹ لُک سے بدل دیا ہے اور اس میں نمایاں تبدیلی صارفین کے لیے سکائیپ کی سہولت ہے۔
ہاٹ میل مائیکروسافٹ کی مشہور زمانہ ویب میل سروس ہے جسے انیس سو اٹھانوے میں مائیکروسافٹ نے حاصل کیا تھا۔
نئے آؤٹ لُک میں صارفین کی آنے والی ای میلز ان باکس میں باترتیب حالت میں میسر ہوں گی۔ اسے گوگل کی جی میل کا مقابلہ کرنے کے مائیکروسافٹ کی طرف سے ممکنہ کوشش کہا جا رہا ہے
مائیکروسافٹ کے مطابق ای میل میں ضرورت سے زیادہ مواد کی آمد اور موجودگی نے اسے ایک روزمرہ کا بےمزہ کام کاج بنا دیا ہے۔
اس کا حل یہ ہے کہ ای میلز کو ان کی آمد کے ساتھ ہی ان کی متعلقہ جگہوں پر ترتیب سے لگا دیا جائے جیسا کہ آپ کے رابطے میں موجود لوگوں کی طرف سے ای میلز اپنی جگہ پر، نیوز لیٹرز اپنی جگہ پر، ڈیلیوری نوٹس ان کی جگہ پر اور سوشل میڈیا کی پوسٹس اپنی جگہ پر۔
اسی طرح آؤٹ لُک کو ایسی دوسری سروسز کے ساتھ بھی منسلک کیا گیا ہے جن سے صارف نے سبسکرائب کیا ہو گا۔
مائیکروسافٹ کے نمائندے کرس جان نے کمپنی کی بلاگ پر بتایا کہ ’ہم آپ کو پہلی ای میل سروس پیش کر رہے ہیں جو کہ فیس بک، ٹوئٹر، لنکڈ ان، گوگل اور جلد ہی سکائپ کے ساتھ منسلک ہو گی تاکہ آپ کی ای میل کو صحیح پس منظر اور رابطہ کی فراہمی ہو سکے‘۔
’آؤٹ لُک میں آپ کا ان باکس آپ کے لیے لائے گا آپ کی ذاتی ای میلز، آپ کے دوستوں کی طرف سے آپ کے لیے تصاویر، حال میں ہونے والے سٹیسٹس اپ ڈیٹس، ٹویٹس کے تبادلے اور اسی طرح ان سے گفتگو اور کال کرنے کی صلاحیت۔ یہ سب آئے گا ایک تازہ رابطوں کی فہرست سے جو آپ کے انٹرنیٹ کے سماجی حلقوں سے جڑی ہوگی‘۔
کرس جان نے کہا کہ ان کی کمپنی اپنے صارفین کی ای میلز یا ان سے جڑی تصاویر، فائلز یا دستاویزات کو سکین کر کے معلوماتی اشتہارات دینے والوں کو نہیں بیچے گی جس سے یہ اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ یہ گوگل پر ایک طعنہ ہے۔
اسی طرح بڑی تصاویر اور ویڈیوز کمپنی کی سکائی ڈرائیو کی ذریعے بھجوائی جا سکیں گیں جس سے ’اٹیچمنٹ‘ کے حجم کا خیال رکھنے کا مسئلہ نہیں رہے گا۔ اس طرح مائیکروسافٹ اپنی سکائی ڈرائیو کے زریعے مخالف گوگل ڈرائیو، ڈراپ باکس اور شوگر سنک کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔
مائیکروسافٹ نے کمپنی کی آفس ایپس کے ویب کے لیے بنے ہوئے ورژن آؤٹ لُک کے ساتھ پیش کیے ہیں تاکہ گوگل ڈاکس اور زوہو ڈاکس کی طرف سے ممکنہ مقابلے کا سامنا کیا جا سکے۔
جہاں کرس جان کا یہ کہنا تھا کہ ہم نے یہ ’بالکل نئی سروس نئے سرے سے بنائی ہے‘ وہاں ٹیکنالوجی کنسلٹنٹس ’گارٹنرز‘ کے میٹ کین نے بہت بڑے پیمانے پر تبدیلی کی توقعات کو رد کیا۔
میٹ نے بی بی سی کو بتایا کہ ’آؤٹ لُک ڈاٹ کام صارفین کے مفادات کے متبادل کو پیش کرتا ہے جس میں ایک پہلے سے موجود کاروباری سروس کو دوبارہ تشکیل دے کر صارفین کے لیے پیش کیا گیا ہے‘۔
’اس میں کوئی نئی ٹیکنالوجی نہیں ہے یہ ای میل فلٹریشن سروس اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس سے منسلک ہونے کی سروس کافی عرصہ پہلے سے موجود ہے‘۔
’جو نیا ہے وہ آؤٹ لُک کی ایک نیا صارفین کو نظر آنے والی سطح ہے اور اس کو صارفین کو پیش کرنے کا طریقہ اور اس کی آفس ایپلیکیشنز اور سکائی ڈرائیو اور آنے والی سکائیپ سے منسلک ہونے کی سہولت‘۔
مائیکروسافٹ ابھی اس کو صارفین کے ابتدائی جائزے کے لیے پیش کر رہا ہے اور اس کی باقاعدہ فراہمی کی ابھی کوئی تاریخ نہیں دی گئی ہے۔