16 جون 2012
وقت اشاعت: 11:21
پہلی چینی خاتون خلا باز
چین کی پہلی خاتون خلاء باز ہفتہ کو خلائی مشن پر روانہ ہو گی۔ خلائی مشن میں چین کے دو خلاء باز بھی شامل ہیں۔ چین کے انسان بردار خلائی پروگرام کے ڈائریکٹر وو پنگ نے مقامی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ لانگ مارچ ٹو ایف راکٹ کے ذریعے انسان بردار خلائی مشن ہفتہ کو مقامی وقت کے مطابق 6 بجکر 37 منٹ پر شمال مغربی چین کے خلائی مرکز سے روانہ ہو گی۔ مشن میں چین کی پہلی خاتون خلاء باز لیو یان اور دیگر دو خلاء باز شامل ہیں۔ وو پنگ نے بتایا کہ خلائی پروگرام کا بنیادی مقصد انسان بردار خلائی جہاز کی مشن پر روانگی اور تیانگ گونگ ون خلائی ماڈول کے ساتھ مینول اور خود کار طریقہ کے ذریعے جوڑنا ہے۔ تینوں خلاء باز خلائی ماڈول تیانگ گونگ میں سائنسی تجربات بھی کریں گے، عملہ وہاں 10 روز قیام کرے گا۔ چین نے 2020ء تک اپنا خلائی مشن اور لیبارٹری تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔