18 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 8:49
سیسیمی سٹریٹ کے چینل پر ہیکرز کا حملہ
بچوں کے مقبول پروگرام سیسیمی سٹریٹ کا یو ٹیوب چینل ہیکرز کی جانب سے فحش ویڈیوز اپ لوڈ کیے جانے کے بعد آف لائن یا معطل کر دیا گیا ہے۔
بظاہر یہ ویڈیوز جس صارف کی جانب سے اپ لوڈ کی گئی ہیں اس کا کہنا ہے کہ اسے اس بارے میں کچھ معلوم نہیں ہے۔
ان ویڈیوز کے ساتھ ایک پیغام بھی شائع کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’بچوں فحش مواد کسے پسند نہیں‘۔
سیسیمی سٹریٹ کا یو ٹیوب چینل اس فحش مواد کے شائع ہونے کے بیس منٹ کے اندر آف لائن کر دیا گیا تھا۔
یو ٹیوب کی مالک کمپنی گوگل کا کہنا ہے کہ ’یو ٹیوب کی معاشرتی ہدایات میں اس قسم کے مواد کی گنجائش نہیں۔ ہم نے ہمیشہ کی طرح غیر مناسب مواد اسی وقت ہٹا دیا جیسے ہی ہمیں اس بارے میں بتایا گیا‘۔
یو ٹیوب پر امریکی ٹی وی شو سیسیمی سٹریٹ کے ایک لاکھ چالیس ہزار سے زائد ناظرین ہیں اور اس کی ویڈیوز پچاس کروڑ مرتبہ دیکھی جا چکی ہیں۔
یہ پہلا واقعہ نہیں جس میں یو ٹیوب پر بچوں کے مواد کے ساتھ فحش مواد پایا گیا ہو۔
مئی دو ہزار دس میں یو ٹیوب نے ایسی سینکڑوں ویڈیوز اپنی ویب سائٹ سے ہٹائی تھیں جس میں فحش مواد بچوں کے ٹی وی پروگرامز اور ویڈیوز میں شامل کیا گیا تھا۔