5 جون 2011
وقت اشاعت: 6:16
واشنگٹن میں بریسٹ کینسر کے خلاف دوڑ
ہفتے کی صبح امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کا نیشنل مال ایک منفرد منظر پیش کررہا تھا جس میں ہر طرف گلابی ٹی شرٹس اور ہیٹ پہنے ہوئے لوگ دکھائی دے رہے تھے۔ ہزاروں کی تعداد میں یہ افراد بریسٹ کینسر کی تحقیق کے لیے فنڈ جمع کرنے کی غرض سے منعقد کی جانے والی دوڑ میں شرکت کے لیے آئے تھے۔
’علاج کے لیے دوڑ‘ کے منتظمین کا کہنا ہے کہ پانچ کلومیٹر کی اس دوڑ میں لگ بھگ چالیس ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے۔ دوڑ کے شرکاء کئی قومی یادگاروں کے پاس سے گذرتے ہوئے یوایس کیپیٹل پر اپنی ریس کا اختتام کریں گے۔
دنیا بھر میں کینسر کے خلاف منائے جانے والے دن کے موقع پر امریکہ کے کئی شہروں اور دنیا کے دوسرے حصوں میں بھی ایسی ہی تقریبات کا انعقاد کیا جارہاہے۔ زرد رنگ کو دنیا بھر میں بریسٹ کینسر کی تحقیق اور علاج کے لیے ایک علامت کے طورپر استعمال کیا جاتا ہے۔
اس تحریک کی بانی ننسی برنکر نے کہاہے کہ دوڑ کے ذریعے حاصل ہونے والے عطیات کو مقامی سطح پر کم آمدنی والی خواتین کے کینسر کی تشخیص اور علاج کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ رقم اس مرض کی ویکسین کے تیاری کی تحقیق کے لیے استعمال ہوگی۔