تازہ ترین سرخیاں
 سائنس وٹیکنالوجی 
25 فروری 2011
وقت اشاعت: 11:21

وان گو کی تصاویر پر کیمیائی اثرات

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ مشہور مصور ونسنٹ وان گو کی کچھ تصاویر میں روشن زرد رنگ کی بھورے رنگ میں تبدیلی کی وجہ ایک پیچیدہ کیمیائی ری ایکشن ہے۔

اس انکشاف کو ولندیزی مصور کی شاندار تصاویر کو مدھم پڑنے سے روکنے کے سلسلے میں پہلا اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔

ایک سائنسی جریدے میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق ان تصاویر کو محفوظ رکھنے کے لیے انہیں الٹرا وائلٹ شعاعوں اور سورج کی روشنی سے جتنا ممکن ہو سکے، دور رکھا جائے۔

اس کیمیائی ری ایکشن کا پتہ چلانے کے لیے سائنسدانوں کو طاقتور ایکس ریز سمیت کئی تجزیاتی آلات استعمال کرنا پڑے۔ سائنسدانوں نے ایک خوردبینی ایکس رے شعاع کو رنگ کی انتہائی پتلی تہہ میں ہونے والے کیمیائی ری ایکشن کو سامنے لانے کے لیے استعمال کیا۔
سورج کی روشنی اگرچہ رنگ و روغن میں چند مائیکرو میٹر تک ہی داخل ہو سکتی ہے لیکن کم فاصلے سے روشنی ڈالی جائے تو سائنسدانوں کے مطابق ایسے کیمیائی اثرات پیدا ہوتے ہیں جو پیلے رنگ کو بھورے رنگ میں تبدیل کر دیتے ہیں۔

وان گو کی تصاویر میں یہ پیلا رنگ انتہائی اہم ہے اور ان کی سورج مکھی کے پھولوں کی تصاویر کے سلسلے میں یہی بنیادی رنگ ہے۔

سائنسدانوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ وان گو نے جس شرح سے سفید اور زرد رنگ کی آمیزش کی تھی وہی شرح اس زرد رنگ کے گہرا ہونے کی وجہ ہو سکتی ہے۔

اس منصوبے پر کام کرنے والے کوئن جینسنز کا کہنا ہے کہ ’ہمارے اگلے تجربات پر کام شروع ہو چکا ہے‘۔ ان کے مطابق ’ہم یہ جاننا چاہتے ہیں کہ کرومیم کی کمی کے لیے کونسے حالات موافق ہیں اور یہ کہ کیا ان تصاویر کو ان کی اصل حالت میں واپس لانے کا کوئی امکان ہے بھی یا نہیں‘۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.