5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:46
ایشین گیمز:پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کی فتح،جوڈو اور شوٹنگ میں ناکامی
جنگ نیوز -
گوانگ ژو . . . . چین کے شہر گوانگ ژو میں جاری سولہویں ایشین گیمز کے ویمن کرکٹ ایونٹ میں پاکستان نے تھائی لینڈ کو آٹھ وکٹ سے ہرا دیا،جوڈو اور شوٹنگ میں قومی کھلاڑیوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔گوانگ ژو میں ویمن کرکٹ ایونٹ میں تھائی لینڈ کی ٹیم پاکستان کے خلاف صرف49رنز بنا کرآؤٹ ہو گئی، پاکستان ویمن ٹیم نے ہدف صرف دو وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔کل پاکستان کا چین سے مقابلہ ہو گا،ایک اور میچ میں بنگلا دیش نے ہانگ کانگ کو دس وکٹ سے ہر ادیا،ہانگ کانگ کی ٹیم ویمن ٹی ٹوئنٹی کے سب سے کم اسکور25رنز پر آؤٹ ہو گئی،جس میں اس کے سات کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔گیمز کے جوڈو ایونٹ میں ستر کلو گرام کیٹگری میں پاکستان کی فوزیہ ممتاز کو شمالی کوریا کی سول کیانگ نے باآسانی50سیکنڈز میں شکست دے دی۔90کلوگرام مینز ایونٹ میں مظفر اقبال جاپان کے تاکاسی اونو سے ہار گئے۔شوٹنگ کے مقابلوں میں دس میٹر ائیر پسٹل کوالیفکیشن میں پاکستان کے کلیم اللہ،کلیم الدین ،،ویمز ایونٹ میں تزین اختر عباسی اور مشال منیر کو شکست کا سامنا کرنا پڑا،بیس بال میں چائنیز تائپے نے پاکستان اور ایک کے مقابلے میں11اسکور سے ہرا دیا ۔