7 جون 2011
وقت اشاعت: 21:35
کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں ، این او سی جاری کی جائے ، آفریدی
اے آر وائی - کراچی : پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ وہ کرکٹ کھیلنا چاہتےہیں۔پی سی بی کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کیلئے این او سی جاری کرے۔
کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ میں انصاف کی تلاش میں نکلا ہوں بورڈ سے اپنا حق مانگ رہا ہوں۔ معاملے کو سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہتا۔ مجھے ابھی تک کو ئی لیٹر یا قانونی طور پر کچھ نہیں دیا گیا میڈیا کے ذریعے کپتانی سے ہٹایا گیا ہے تو میں نے بھی اپنا ریٹائرمنٹ میڈیا کے ذریعے دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے این او سی جاری کیا جائے اگر مسائل حل نہ ہوئے تو دوسرے کرکٹرز کو بھی نقصان ہو گا۔ پی سی بی قانونی طریقہ سے کارروائی نہیں کر رہا انضباطی کمیٹی میں پی سی بی کے لوگ شامل نہیں ہونے چاہیئں۔ شاہد کا کہنا تھا کہ میں تو اسد شفیق اور عمر اکمل کی کپتانی میں بھی کھیلنے کے لیئے تیار ہوں۔ میں حق پر ہوں اس لیئے لوگ ساتھ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے انضباطی کمیٹی کا طریقہ کار سمجھ میں نہیں آیا کمیٹی ایک ہی دن میں سنے گی اور ایک ہی دن میں فیصلہ دے گی۔
شاہد آفریدی کے وکلا کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی کو پہلے سزا سنا دی گئی ہے اور وکیل کو ساتھ لانے کی اجازت نہیں دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لیئے تمام آپشنز کھلے ہوئے ہیں۔