7 جون 2011
وقت اشاعت: 21:35
آفریدی انضباطی کمیٹی کے سامنے پیش نہیں ہونگے،وکیل شاہدآفریدی
اے آر وائی - کراچی : پاکستان کے سابق ون ڈے کپتان شاہد آفریدی کے وکیل نے پی سی بی کی انضباطی کمیٹی کے طریقہ کار کو مسترد کرتے ہوئے شاہد آفریدی کے آٹھ جون کو کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کے امکان کو رد کردیاہے۔
کراچی پریس کلب میں ایک پُر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہد آفریدی کے وکیل سید علی ظفرنے کہا کہ پی سی بی نے شاہد آفریدی کے خلاف یکطرفہ کارروائی کرتے ہوئے اور ان کا موقف سنے بغیرانہیں سزائیں دی ہیں۔پی سی بی کی انضباطی کمیٹی کا طریقہ کار قابل قبول نہیں اور اگر طریقہ کار میں تبدیلی نہیں کی گئی تو شاہد آفریدی آٹھ جون کو کمیٹی کےسامنے پیش نہیں ہوں گے۔
اس موقع پرشاہد آفریدی نے کہا کہ پی سی بی چیئرمین اعجاز بٹ نے مینیجمنٹ کا موقف سن کر انہیں سزائیں دی ہیں۔بہتر ہوتا اگر پی سی بی چیئرمین ان کاموقف بھی سنتے اور پھر فیصلہ کرتے،شاہد آفریدی نے کہا کہ ان کے لئے کپتانی کوئی مسئلہ نہیں بلکہ عزت و وقار اور ملک کے لئے کھیلنا ان کی اولین ترجیح ہے۔
پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی کا طریقہ کارگزشتہ چار سال سے رائج ہے۔اور آفریدی کے وکلاء کا اس پر اعتراض بلاجواز ہے۔