7 جون 2011
وقت اشاعت: 21:38
آفریدی کے خلاف رپورٹس میڈیا میں آگئیں
اے آر وائی - کراچی : وکی لیکس کے بعد اب پی سی بی کی جانب سے بھی دورہ ویسٹ انڈیز پر کوچ وقار یونس اور منیجر انتخاب عالم کی خفیہ رپورٹس میڈیا میں آگئی ھے جو پی سی بی کی جانب سے شاہد آفریدی کے خلاف نیا حربہ ہے۔کوچ وقار یونس اور منیجر انتخاب عالم نے اپینی رپورٹس میں شاہد آفریدی کے بارے میں لکھا ھے کہ وہ کپتانی کے لئے پختہ نہیں ہیں۔
وقار یونس نے اپنی رپورٹ میں لکھا ھے کہ بحیثیت کپتان آفریدی میچور نہیں، انمیں نظم وضبط کی کمی ھے اوروہ دوسروں کی بات سننے کے لئے تیار نہیں۔ وقار یونس نے الزام عائد کیا ھے کہ آفریدی کی جھگڑالو طبیعت کی وجہ سے پاکستان ٹیم کو نقصان ھوا ھے جسمیں ویسٹ انڈیز میں آخری دو ون ڈے میچوں کی شکست بھی شامل ھے۔ کوچ کے مطابق آفریدی چوتھے ون ڈے سے پہلے جھگڑا کرنے کی نیت سے میٹنگ میں آئے اور ناراض ھو کر چلے گئے۔
منیجر انتخاب عالم نے بھی اپنی رپورٹ میں آفریدی کو گرم مزاج کے حامل ھیں اور انہیں کئی بار سمجھانے کی کوششیں کی گئی جو ناکام رھیں۔ منیجر انتخاب عالم نے کوچ وقار یونس پر بھی تنقید کرتے ھوئے لکھا ھے کہ وہ بھی تند مزاج کے ھیں اور بسا اوقات مسائل کھڑے کرتے ھیں۔ آفریدی کے قریبی ذرائع نے رپورٹس کا منظر عام پر آنے کو پی سی بی کا حربہ قرار دیا ھے۔