تازہ ترین سرخیاں
 کھیل 
23 مئی 2013
وقت اشاعت: 20:51

اسد روٴف آئی سی سی پینل میں تھے، پی سی بی کا تعلق نہیں، ذکاء اشرف

جیو نیوز - لاہور … پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین چوہدری ذکاء اشرف کا کہنا ہے کہ اسد روٴف آئی سی سی پینل میں تھے، آئی پی ایل کیلئے بھارت گئے، اس معاملے سے پی سی بی کا کوئی تعلق نہیں، کوئی اکیلا بورڈ کرپشن ختم نہیں کرسکتا، تمام کرکٹ بورڈز کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ اسد روٴف کا نام آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں آنے اور آئی سی سی کی جانب سے انہیں چیمپئنز ٹرافی پینل سے باہر کرنے سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نیوٹرل باڈی ہے جس نے میڈیا رپورٹس پر اسد روٴف کے خلاف کارروائی کی، اسد روٴف آئی سی سی کے پینل میں تھے، وہ آئی پی ایل کیلئے بھارت گئے ہمارا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے اپنے سیکیورٹی اور وجیلنس ڈویژن کو مضبوط کیا، جو ٹیم باہر جاتی ہے ان کی کڑی نگرانی کی جاتی ہے، پاکستانی کھلاڑیوں کو غیر ملکی دوروں میں کسی سے ملنے کی اجازت نہیں ہوتی، بیرون ملک دوروں پر کھلاڑی ٹیم مینجمنٹ کی اجازت سے ملاقاتیں کرتا ہے۔ ذکاء اشرف کا کہنا ہے کہ آئی سی سی پاکستان کرکٹ بورڈ سے کہے گا تو اس معاملے میں تحقیقات اور کارروائی کریں گے، آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ بھارت میں ہوئی، ہمیں صرف میڈیا سے خبریں مل رہی ہیں، آئی پی ایل اسکینڈل جتنا بھارتیوں کیلئے افسوسناک ہے اتنا ہی پاکستانی شائقین کیلئے بھی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ اکیلا کوئی بورڈ کرپشن ختم نہیں کرسکتا، تمام کرکٹ بورڈز کو کردار ادا کرنا ہوگا، اس طرح کے اسکینڈل عالمی کرکٹ کیلئے اچھے ثابت نہیں ہوں گے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.