26 مئی 2013
وقت اشاعت: 17:7
نیشنل انڈر 16 فٹ بال ٹورنامنٹ 7 جون سے شروع ہوگا
جیو نیوز - کراچی… نیشنل انڈر 16 فٹ بال چیمپئن شپ 7 جون سے عارف والا ڈسٹرکٹ پاک پتن میں ہوگی۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی جانب سے جاری کئے جانے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سے قبل قومی انڈر 16 فٹ بال چیمپئن شپ کا آغاز 31 مئی سے اوکاڑہ میں ہونا تھا لیکن ٹورنامنٹ کے آغاز کی تاریخ اور وینیو تبدیل کردیا گیا ہے۔ ایونٹ میں 12 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جس میں آٹھ ٹیمیں پروانشیل/ ریجنل (پنجاب، کے پی کے، بلوچستان، سندھ، اسلام آباد، اے جے کے، فاٹا اور گلگت بلتستان فٹ بال ایسو سی ایشن) شامل ہیں جبکہ تین کوچز کی چارٹیمیں، کراچی لاہور پشاور کوئٹہ شامل ہیں۔ دریں اثناء ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کے پاک پتن کے صدر انڈر 16 قومی فٹ بال چیمپئن شپ کے آرگنائزنگ سیکرٹری چوہدری محمد امجد جمعے کو انتقال کرگئے جن کی تدفین مقامی قبرستان میں ہوئی۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر فیصل صالح حیات اور سیکرٹری جنرل کرنل (ر) احمد یار خان لودھی نے ان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔دریں اثناء سفیان مرچنٹ اور شہریار گذدر کی جوڑی نے محمد ذیشان اور عمیر ادریس کو شکست دیکر کراچی کلب ڈبلز ہینڈی کیپ اسنوکر ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ کراچی کلب میں کھیلی جانے والے چیمپئن شپ کے دوسرے راؤنڈ کے میچوں میں عبداللہ طارق اور مصطفی طارق کی جوڑی نے نوید یعقوب اور عبدالرحمان کو، اسماعیل عارف اور ذانش راجہ نے سروش شمسی اور سجاد الیاس کو، شاہد گوڈل اور اظہر داؤرا نے تراب غنی اور واجد غنی کو، حسین منڈوی اور فرقان قاسمانی نے فیضان قاسمانی اور برہان الدین کو، دلیپ پروانی اور ناصر انتاریہ نے دانش بھایانی اور یاسر تھارا کو ہر کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ حاصل کرلی۔