27 مئی 2013
وقت اشاعت: 12:57
انڈین پریمیر لیگ ممبئی انڈینز نے جیت لی
جیو نیوز - کولکتا…انڈین پریمیر لیگ ممبئی انڈینز نے جیت لی، فائنل میں روہت شرما کی ٹیم نے چنئی سپرکنگز کو23رنزسے ہرادیا۔ فائنل کے بعد سچن ٹنڈولکر نے آئی پی ایل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ایڈن گارڈن میں کھیلے گئے میچ میں ممبئی انڈینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، صرف 52 رنز پر چار کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے، اس مشکل میں امباتی رائڈو اورکیرون پولارڈ نے ٹیم کو سنبھالا، پولارڈ نے اننگز کی آخری دو گیندوں پر دو چھکے لگائے اوراپنی ففٹی کے ساتھ ٹیم کا اسکور 148 تک پہنچا دیا۔ جواب میں کپتان ایم ایس دھونی کے سوا چنئی کا کوئی بیٹمسمین جم کر نہ کھیل سکا، دھونی نے 63رنز بنائے لیکن ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔ سابق چیمپینزنو وکٹ پر صرف 125رنز ہی بنا سکے، ممبئی نے 23رنز کی کامیابی کے ساتھ پہلی مرتبہ آئی پی ایل چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ ایونٹ جیتنے کے بعد ماسٹر بیٹسمین سچن ٹنڈولکر نے آئی پی ایل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ انہوں نے 78 آئی پی ایل میچز میں 35 کی اوسط سے 2334 رنز اسکور کئے۔جس میں ایک سنچری اور 13 نصف سنچریاں شامل ہیں۔