29 مئی 2013
وقت اشاعت: 0:19
سکس ریڈ ایشین اسنوکر چیمپئن شپ:محمد آصف نے ایرانی کھلاڑی کو ہرادیا
جیو نیوز - کراچی …شکیل یامین کانگا… آئی بی ایس ایف ورلڈ ایمچر اسنوکر چیمپئن اور ٹاپ پاکستانی کھلاڑی محمد آصف نے ایرانی کھلاڑی عامر سرکوش کو شکست دیکر سکس ریڈ ایشین اسنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا۔ محمد آصف نے عامر سرکوش کو 7-4 کے واضح فرق سے شکست دی۔ محمد آصف نے سیمی فائنل میں بھارت کے لکشمن راوت کو شکست دی تھی۔ چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والے دوسرے پاکستانی کھلاڑی محمد سجاد کوارٹر فائنل میں محمد آصف سے شکست کھاکر باہر ہوگئے تھے۔ محمد آصف جو پاکستان میں ہونیوالی ایشین چیمپئن شپ قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے تھے اور پری کوارٹر فائنل میں وہ ہانگ کانگ کے لی چن وائی کے ہاتھوں شکست کھا کر ایونٹ سے آؤٹ ہوئے تھے لیکن سکس ریڈ بال میں میں محمد آصف کی کارکردگی حیران کن تھی اور پہلے میچ سے انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جو فائنل تک جاری رہی۔سکس ریڈ بال اسنوکر چیمپئن شپ میں 16 ممالک شامل تھے جن میں افغانستان، فلسطین، قطر، کویت، عراق، پاکستان، یو اے ای، چین، منگولیا، اردن، ہانگ کانگ، کے ایس اے، آئی آر اے ممالک کے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ قطر کے شہر دوحا میں ہونیوالی چیمپئن شپ کے فائنل میں پیر کو محمد آصف اور عامر سرکوش کے درمیان بیسٹ آف تھرٹین مقابلے کا آغاز آصف کی فتح کے ساتھ ہوا۔ اس سے قبل محمد یوسف نے ورلڈ کپ، ورلڈ کپ سینئرز اور ایشین چیمپئن شپ جیتی اس کے پاس تین بڑے اعزاز ہیں۔ اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے اسنوکر میں کتنی بڑی بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں، حکومت اور کھیلوں سے متعلق اداروں کو اسنوکر کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کیلئے بڑے انعامات کا اعلان کرے اور اعلانات کرنے کے بعد انعامی رقم بھی دے تاکہ دیگر کھلاڑیوں کی بھی حوصلہ افزائی ہو اور وہ بھی مقابلوں میں حصہ لیں۔ قطر میں ایشین ٹیم ایونٹ کا آغاز 28 مئی منگل سے شروع ہورہا ہے جس میں حمزہ اکبر اور محمد ماجد علی شرکت کررہے ہیں۔