تازہ ترین سرخیاں
 کھیل 
30 جون 2013
وقت اشاعت: 21:47

حکومتی اداروں کی مداخلت: پاکستان کی انٹرنیشنل کھیلوں میں شرکت کھٹائی میں پڑنے لگی

جیو نیوز - کراچی…حکومتی اداروں کی کھیلوں میں بڑھتی ہوئی مداخلت کے باعث پاکستان کی انٹرنیشنل کھیلوں میں شرکت ناممکن دکھائی دے رہی، انٹرنیشنل باسکٹ بال فیڈریشن کی جانب سے پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کی رکنیت معطل کئے جانے کے بعد اب اس بات کا واضح امکانات پیدا ہوگئے ہیں، عنقریب حکومت کے زیراثر دیگر فیڈریشنوں پر بھی پابندی عائد کردی جائے گی۔ جنگ سے باتیں کرتے ہوئے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر دودا خان بھٹو اور سندھ باسکٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری عبدالناصر کا کہنا تھاکہ بھارت کی طرح اب پاکستان بھی انٹرنیشنل مقابلوں میں شرکت نہیں کرسکے گا۔ دودا خان بھٹو نے جنگ کو بتایا کہ باکسنگ فیڈریشن کے انتخابات گزشتہ سال دسمبر میں از خود کراکے ایک نئی روایت قائم کی، ہمارے انتخابات کو درست تسلیم کرتے ہوئے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن، آئی او سی اور باکسنگ کی عالمی تنظیم نے خطوط جاری کئے لیکن دوسری جانب شکست خوردہ عناصر کو پاکستان اسپورٹس بورڈ کی پشت پناہی حاصل ہے، حکومتی ادارے کو غیرجانب دار رہ کر کھیلوں کی معاملات نمٹانے چاہئیں لیکن اب انٹرنیشنل باسکٹ بال فیڈریشن کی پاکستان باسکٹ بال پر پابندی سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ پاکستان کی انٹرنیشنل مقابلوں میں شرکت ناممکن ہوگی۔ عالمی مقابلوں میں صرف وہ فیڈریشنیں حصہ لے سکیں گی جن کو پاکستان اولمپکس ایسو سی ایشن خطوط جاری کرے گی۔ سندھ باسکٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری عبدالناصر کا کہنا ہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے عہدیداروں کی نااہلی اور ناقص پالیسی کی وجہ سے انٹرنیشنل باسکٹ بال فیڈریشن نے پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کی رکنت معطل کردی ہے، کھیلوں سے تعلق رکھنے والے ہر مکتہ فکر کیلئے یہ خبر ایٹم بم کا دھماکے سے کم نہ تھی، جنگ سے باتیں کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ پاکستان جسے دہشت گردی اور دیگر مسائل کا سامنا ہے، کھیلوں پر بھی عالمی سطح پر پابندی لگوا کر اس ملک کو دنیا میں مزید بدنام کرنے کا بیڑا اٹھا لیا گیا ہے۔ اگر پاکستان اسپورٹس بورڈ کے عہدیداران نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا اور پی او اے کی عبوری کمیٹی کا فوری خاتمہ نہ کیا تو پاکستان کی مزید کھیلوں کی فیڈریشنوں پر پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یہ پاکستان اسپورٹس کی تاریخ کا سیاہ ترین دور بن جائے گا۔ اس وقت صدر پاکستانآصف علی زداری، وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف فوری مداخلت کرتے ہوئے پاکستان سے کھیلوں کا خاتمہ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی کریں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.