23 اگست 2013
وقت اشاعت: 21:14
ساف فٹبال چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے قومی فٹبال ٹیم کھٹمنڈو روانہ
جیو نیوز - کراچی …شکیل یامین کانگا… ساف فٹبال چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے قومی فٹبال ٹیم جمعے کی صبح عمان کے راستے کھٹمنڈو روانہ ہوگئی۔ قومی ٹیم ایک رات عمان میں گزارنے کے بعد ہفتے کی صبح کھٹمنڈو پہنچے گی۔ قومی ٹیم کی قیادت ثمر اسحاق کررہے ہیں جبکہ ہیڈ کوچ شہزاد انور ہوں گے۔ 22 رکنی پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ ثاقب حنیف، مزمل حسین، ثمر اسحاق، محمد حمید، کامران خان، محمد احمد، احسان اللہ، صدام حسین، محمد عادل، فیصل اقبال، یاسر آفریدی، ضیاء الاسلام، نوید احمد، محمد ریاض، کلیم اللہ، محمد مجاہد، سعید احمد، ذیشان رحمان، یعقوب اعجاز بٹ، یوسف اعجاز بٹ، حسن بشیر، عدنان احمد شامل ہیں جبکہ ٹیم آفیشلز میں شہزاد انور (ہیڈ کوچ)، کامران مہدی (فزیو/ اسسٹنٹ کوچ)، بحرین سے تعلق رکھنے والے قومی ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ شملان مبارک شملان بھی ٹیم کے ساتھ اعزازی کوچنگ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے شامل ہیں۔ قومی ٹیم افغانستان کے خلاف فرینڈلی میچ کے کھیلنے کے بعد جمعرات کو وطن آئی تھی۔ افغانستان کے خلاف واحد میچ میں شرکت کرنے والی قومی فٹبال ٹیم کے 6کھلاڑیوں کو ڈراپ کر دیا گیا ہے ان کی جگہ ڈنمارک اور انگلینڈ میں مقیم پاکستانی نژاد فٹبالرز قومی ٹیم کو اگلے دودن میں نیپال میں ہی جوائن کریں گے ۔ چیمپئن شپ یکم ستمبر سے کھٹمنڈو میں شروع ہو رہی ہے۔ نیپال کے شہر کھٹمنڈو میں کھیلی جانے والی ساف فٹ بال چیمپئن شپ کا آغاز 31 اگست سے ہوگا۔ ساف چیمپئن شپ کا گروپ اے نسبتاً مضبوط گروپ ہے جس میں میزبان نیپال، پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ افغانستان، بھوٹان، سری لنکا اور مالدیپ کی ٹیمیں شامل ہیں۔ چیمپئن شپ کا افتتاحی میچ نیپال اور بنگلہ دیش کے درمیان 31 اگست کو کولمبو کے دساراتھ رنگاسالہ اسٹیڈیم کھیلا جائے گا۔دریں اثناء ٹور آفس پیس سائیکلنگ رائیڈ25اگست کو ہوگی۔ ریس کا آغاز صبح7بجے مزار قائد کے وی آئی پی گیٹ سے شروع ہوگی۔ پیس رائیڈرز سائیکلنگ کلب کے زیر اہتمام ہونے والی سائیکلنگ رائیڈ میں کرٹیکل ماس(critical mass)، سائیکلوپاتھ (Cyclopath)، چین ری ایکشن(chain reaction)، ایڈونچر سائیکلنگ کلب کراچی، لیاری ماؤنٹین سائیکلنگ کلب، ماری پور سائیکلنگ کلب کے سائیکلسٹ شرکت کریں گے ۔ اس رائیڈ میں نجی و سرکاری اسکول و کالجز ، کراچی یونیورسٹی اور این ای ڈیکے طلبا و طالبات بھی شریک ہوں گے۔علاوہ ازیں ٹاپ سیڈ عقیل خان اور نمبر چھ سیڈ احمد چوہدری تجمل عباس میموریل نیشنل رینکنگ چیمپئن شپ کے مینز سنگلز فائنل میں پہنچ گئے جبکہ لیڈیز سنگلز کے سیمی فائنل میں سارہ منصور نے ماحین آفتاب کو جبکہ علینا آفتاب نے امینہ خان کو شکست دیدی۔