تازہ ترین سرخیاں
 کھیل 
29 اگست 2013
وقت اشاعت: 12:42

پاکستان کا زمبابوے کو 300 رنز کا ہدف، حفیظ کی شاندار سنچری

جیو نیوز - ہرارے…دوسرے ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں محمد حفیظ کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان نے زمبابوے کو جیت کیلئے300رنز کا ہدف دیا ہے۔ ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جارہے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، پاکستان کو ابتداء ہی میں اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب احمد شہزاد 12 کے مجموعی اسکور پر 5 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ناصر جمشید 32 رنز بناکر اتسیا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، اس کا ٹیم کا مجموعی اسکور 62 تھا۔ کپتان مصباح الحق نے صرف تین رنز بناکر پویلین کی راہ لی۔ محمد حفیظ اور عمر امین نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 129 رنز بناکر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا، اس موقع پر عمرامین 59 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ دوسری طرف محمد حفیظ نے اپنی شاندار سنچری مکمل کی۔ حفیظ نے136 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ایک روزہ میچوں میں حفیظ کی یہ چھٹی سنچری ہے۔شاہد آفریدی نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 23 گیندوں پر ناقابل شکست 39 رنز بنائے۔اس طرح پاکستان نے مقررہ پچاس اوورز میں4 وکٹوں کے نقصان پر299 رنز بنائے۔تین میچوں پر مشتمل سیریز میں میزبان ٹیم کو ایک۔صفر کی برتری حاصل ہے۔ آج کے میچ میں زمبابوے کی کامیابی کی صورت میں میزبان ٹیم پاکستان کے خلاف پہلی مرتبہ کوئی ون ڈے سیریز جیت جائے گی جبکہ پاکستان کو سیریز اپنے نام کرنے کیلئے دونوں میچ جیتنا ہوں گے۔تیسرا اور آخری ون ڈے اسی گراؤنڈ پر 31 اگست کو کھیلا جائے گا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.