29 اگست 2013
وقت اشاعت: 12:58
اینڈی مرے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں
جیو نیوز - نیویارک…دفاعی چمپئن اینڈی مرے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے ہیں، سابق چمپئن وینس ولیمز شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔نیو یارک میں جاری ایونٹ میں برطانیہ کے اینڈی مرے کا مقابلہ فرانس کے مائیکل لوڈرا سے تھا،دفاعی چمپئن نے فرنچ کھلاڑی کو اسٹریٹ سیٹس میں ہرا کر ایونٹ سے باہر کردیا، انکی جیت کا اسکور چھ دو، چھ چار اور چھ تین رہا۔سابق چمپئن ارجنٹینا کے یان مارٹن ڈیل پوٹرو اور آسٹریلیا کے لیٹن ہیوٹ کامیابی کے بعد دوسرے راونڈ میں پہنچ گئے ہیں۔ویمنز ایونٹ میں اپ سیٹ اس وقت دیکھنے میں آیا جب سابق چمپئن وینس ولیمز کا سفر دوسرے ہی راؤنڈ میں ختم ہوگیا۔ وہ چین کی جی زھینگ سے شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئیں، چینی کھلاڑی کی جیت کا اسکور چھ تین، دو چھ اور سات چھ رہا۔چین کی لی نا اور پولینڈ کی اگنیزکا راڈوانزکا دوسرے راؤنڈ میں فتح کے بعد اگلے مرحلے میں پہنچ گئیں۔