1 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 20:4
پیپلز اسپورٹس کمپلیکس کو جلد سندھ فٹ بال کے حوالے کردیں گے، خورشید شاہ
جیو نیوز - کراچی…شکیل یامین کانگا …اے ایف سی کوالیفائر چیمپئن شپ کیلئے پیپلز اسپورٹس کمپلکس کا جلد سارا کام مکمل کرکے سندھ فٹ بال ایسو سی ایشن کے حوالے کردیں گے، ایڈمنسٹریٹر کی تبدیلی سے فنڈنگ کا کام متاثر ہوا۔ اس بات کا اظہار کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے ڈائریکٹر اسپورٹس اینڈ ری کریشن سید خورشید شاہ نے جنگ سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تقریبا دس روز قبل اسپورٹس کمپلکس ہمارے حوالے کیا گیا ہے جس پر کام تیزی سے جاری ہے، گراؤنڈ کا کام پیر تک مکمل کرلیں گے جبکہ گراؤنڈ کی گرلز پر کلر، چیجنگ رومز، ریفریز روم اور میڈیا باکس کی تیاری کا کام بھی جلد مکمل کرلیں گے۔ واضح رہے کہ ایشین فٹ بال کنفیڈریشن انڈر 16 کوالیفائنگ راؤنڈ کیلئے اے ایف سی نے پاکستان کے شہر کراچی کا انتخاب کیا تھا اور 27 ستمبر سے یہاں ایونٹ شروع ہونا ہے جبکہ ٹیموں کی آمد 23 ستمبر سے ہوگی، اے ایف سی کی دو رکنی ٹیم بھی کراچی کے پیپلز اسپورٹس کمپلکس، کے ایم سی اسٹیڈیم اور کے پی ٹی کے گراؤنڈز کا معائنہ کرکے گئی تھی اور اس نے پیپلز فٹ بال اسٹیڈیم جہاں ایونٹ کے میچز منعقد کئے جانے تھے، کے بارے میں سندھ فٹ بال ایسو سی ایشن کو چند پوائنٹس کی نشاندہی کی تھی اور اس پر تیزی سے کام کرنے کی ہدایت کی تھی۔ کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کی سربراہی میں کراچی کی انتظامیہ کے مختلف محمکوں کے ذمہ داروں نے شرکت کی تھی اور اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ جلد از جلد پیپلز اسپورٹس کمپلکس کا کام مکمل کرکے متعلقہ افراد کے حوالے کردیا جائے گا لیکن پیپلز اسپورٹس کمپلکس پر رینجنرز کے قبضے کی وجہ سے فٹ بال سے تعلق رکھنے والے افراد اور کراچی انتظامیہ کو بھی اس میں داخل ہونے کی اجازت بڑی مشکل سے دی جاری ہے، رینجرز کے قبضے کے باعث کراچی کا سب سے بڑی پیپلز فٹ بال اسٹیڈیم تباہی کا شکار ہے۔ رینجرز کے اعلی حکام کیلئے کھلاڑیوں کے چینجنگ رومز اور دیگر رومز کو مختص کردیا گیا ہے اور گراؤنڈ کی حالت کراچی انتظامیہ کے پاس نہ ہونے کی وجہ سے بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے۔ کشمنر کراچی شعیب احمد صدیقی کی دلی خواہش ہے کہ انٹرنیشنل ایونٹ کراچی میں ہو اور کے ایم سی کی انتظامیہ بھی اس میں بھرپور کردار ادا کررہی ہے لیکن پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی مکمل آشیر باد نہ ہونے کی وجہ سے اے ایف سی انڈر 16 فٹ بال ایونٹ کراچی میں ہوتا نظر نہیں آرہا ہے۔