13 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 12:42
فیصل آباد وولفز کو بھارتی ویزے جاری، چیمپینز لیگ کھیلنے کل روانہ ہوگی
جیو نیوز - فیصل آباد …بھارت سے آخر کار ایک اچھی خبر آہی گئی ،چیمپنز لیگ میں شرکت کیلئے پاکستان کی ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی چیمپین فیصل آباد وولفز کو ویزے جاری کردئیے گئے۔فیصل آباد وولفز کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ویزے دینے میں بھارت کی جانب سے تاخیر کی جارہی تھی ۔بھارتی حکام کا موقف تھا کہ چونکہ ممبئی پولیس پاکستانی کھلاڑیوں کو سیکورٹی نہیں دے سکتی، اس لئے انہیں ایونٹ میں شرکت کے لئے ویزا جاری نہیں کیا جاسکتا ،لیکن اب اچھی خبر یہ ہے کہ بھارت نے ڈومیسٹک چیمین فیصل آباد وولفز کو ویزے جاری کردئے ہیں۔فیصل آباد وولفز کی ٹیم کل نئی دہلی روانہ ہو گی جہاں وہ 17 ستمبر کو کوالی فائنگ میچ میں نیوزی لینڈ کی چیمپین ٹیم اوٹاگو کے مدمقابل ہوگی، پاکستانی چیمین ٹیم فیصل آباد وولفز کی قیادت مصباح الحق کررہے ہیں۔