15 ستمبر 2013
وقت اشاعت: 11:0
زمبابوے کے ہاتھوں شکست،رینکنگ میں بھی کھلاڑیوں کی تنزلی
جیو نیوز - کراچی…پاکستان کرکٹ ٹیم نے زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ میچ کیا ہارا، کھلاڑیوں کی رینکنگ کا نقشہ ہی بدل گیا، مسلسل ناکامیوں کے بعد محمد حفیظ بیٹسمینوں کی لسٹ میں پچاسویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں اور خراب کارکردگی کی وجہ سے مسلسل تنزلی کا شکار ہیں۔ہرارے ٹیسٹ میں نصف سنچری بنانے والے یونس خان کے رینکنگ پوائنٹس میں تو کمی آئی لیکن وہ چھٹی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب ہوگئے۔صرف پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کی رینکنگ میں بہتری آئی وہ تین درجے ترقی کے بعد اب 15 ویں پوزیشن سے 12 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔بالرز کی بات کی جائے تو پہلے ٹیسٹ میں 11 وکٹیں لے کر سعید اجمل تیسرے نمبر پر پہنچ گئے تھے لیکن دوسرے ٹیسٹ میں صرف 3 وکٹ لینے کے بعد وہ واپس چوتھے نمبر پر چلے گئے ہیں۔